اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے کامیاب امیدواروں کو انتخابی اخراجات کی تفصیلات 4 اگست تک جمع کرانے کی ہدایت کی ہے بصورت دیگر کامیابی کے نوٹی فکیشن جاری نہیں کیے جائیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے امیدواروں سے 4 اگست تک انتخابی مہم کے اخراجات کی تفصیلات طلب کرلی ہے۔ انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا جائے گا۔ امیدواروں کی جانب سے اخراجات کے تفصیلات مہیا کرنے کے بعد الیکشن کمیشن کامیاب امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرے گا۔
الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 98 کے تحت کامیاب امیدوار پولنگ کے بعد دس دن کے اندر انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کرانے کے پابند ہیں جس کی معیاد 4 اگست کو ختم ہونی ہے۔ قواعد و ضوابط کے تحت کامیاب امیدواروں کو انتخاب سے دس دن کے اندر اندر فارم ’سی‘ پُر کر کے ریٹرنگ آفیسر کے ذریعے الیکشن کمیشن کو بھجوانا ہوتا ہے جب کہ ناکام امیدواروں کو اخراجات کی تفصیل 30 روز میں بھجوائی جا سکتی ہیں۔
انتخابی اخراجات کی تفصیلات کے لیے اکائونٹ اسٹیٹ منٹس اور خرچے کی تمام رسیدوں سمیت شائع شدہ تشہیری مواد کا ایک ایک نمونہ بمعہ پبلشر کے نام کے بھی جمع کروانا ہوگا۔ مقررہ حد سے زیادہ اخراجات کرنے والوں امیدواروں کے خلاف ضابطے کی کارروائی کی جائے گی۔ قومی اسمبلی کے امیدوار کیلئے اخراجات کی حد 40 لاکھ روپے جبکہ صوبائی اسمبلی کے امیدوار کیلئے انتخابی اخراجات کی حد 20 لاکھ روپے تھی۔
The post کامیاب امیدواروں کو 4 اگست تک انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2vbPSd1