مئی میں مہنگائی بڑھ کر 4.2 فیصد پر پہنچ گئی - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

مئی میں مہنگائی بڑھ کر 4.2 فیصد پر پہنچ گئی

 اسلام آباد: پاکستان بیورو شماریات نے رمضان المبارک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا اعتراف کرلیاہے جب کہ مئی میں صارف قیمتوں کے اشاریے (سی پی آئی) کی بنیاد پر افراط زر کی شرح سال بہ سال بڑھ کر 4.19 فیصد ہوگئی جو گزشتہ ماہ 3.7 فیصد تک محدود تھی۔

بیورو شماریات کے ڈائریکٹر پرائس عتیق الرحمن نے ماہانہ پریس بریفنگ میں بتایاکہ ڈالر کی قدرمیں اضافے کے مہنگائی پر اثرا ت آنے لگے ہیں۔ انھوں نے بتایاکہ ماہانہ بنیادوں پر آلو، مرغی کا گوشت، تازہ پھل، ٹماٹر، تازہ سبزیاں ، خشک پھل ، بیسن ، گڑ، مصالے شہد، انڈے اور گوشت کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے، ماہانہ بنیادوں پر پان چھالیہ، گندم، پیاز، گندم کا آٹا، دال ماش، دال چنا، چنے، دال مونگ اور چینی کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔

ڈائریکٹر پرائس نے بتایاکہ ماہانہ بینادوں پر آلو کی قیمت میں 17.62فیصد، مرغی کے گوشت کی قیمت میں 7.25فیصد، تازہ پھل 6.01 فیصد، ٹماٹر3.07 فیصد، تازہ سبزیاں 2.62فیصد، بیسن 1.71فیصد، مصالحے 1.30فیصد، انڈے 1.03فیصد اور گوشت کی قیمت میں 0.84فیصد کا اضافہ ہوا۔

ماہانہ بنیادوں پر پان چھالیہ کی قیمت میں 16.52 فیصد، گندم 3.30فیصد، پیاز 2.57فیصد، گندم کے آٹے 1.89فیصد ، دال ماش 1.65فیصد، دال چنا 1.32فیصداور چنے کی قیمت میں 1.11فیصد کی کمی ہوئی، دال مونگ کی قیمت میں ماہانہ بنیادوں پر 0.42فیصد اورچینی کی قیمت میں 0.13فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

ادارہ شماریات کے ڈائریکٹر پرائس نے بتایاکہ ماہانہ بنیادوں پر غیرغذائی اشیا میں سے واٹر سپلائی، پٹرول، مٹی کا تیل، ٹرانسپورٹ کے اخراجات، تعمیراتی مزدوری کے ریٹ، تعمیراتی میٹریل، گھریلو استعمال کی اشیا، برتن، کاسمیٹکس، اسٹیشنری اورڈرگز اور ادویہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ جلانے کی لکڑی کی قیمت میں کمی ہوئی۔

بیورو شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر پان چھالیہ کی قیمت میں 218.64 فیصد، مرغی کا گوشت 21.04 فیصد، گوشت9.67 فیصد، چاول 9.35 فیصد، خشک میوے 8.71فیصد، انڈے 6.55 فیصد، جام ٹماٹر کیچ اپ اور اچار 5.83فیصد، تیارخوراک 5.58فیصد، مچھلی 5.18فیصد، دودھ کی مصنوعات5.15فیصد، شہد 4.46 فیصد، چائے 4.39 فیصد اور مصالحوں کی قیمت میں 4.25فیصد کا اضافہ ہواہے۔

عتیق الرحمن نے بتایاکہ سالانہ بنیادوں پر دال ماش کی قیمت میں 25.44فیصد، آلو 24.59 فیصد، سگریٹ 20.25 فیصد، دال چنا 13.25 فیصد، دال مسور 12.78 فیصد،دال مونگ 11.47فیصد، بیسن 9.82 فیصد، ٹماٹر 9.82 گڑ 5.88فیصد اور تازہ سبزیوں کی قیمت میں 3.41 فیصد کی کمی ہوئی، سالانہ بنیادوں پر غیر غذائی اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، ان میں مٹی کا تیل، تعلیم، پٹرول، پوسٹل سروسز کاسمیٹکس طبی معائنے، فرنیچر اور کلیننگ و لانڈری شامل ہیں۔

ڈائریکٹر پرائس عتیق الرحمن کے مطابق رواں مالی سال کے 11 ماہ کے دوران ڈیزل اور پٹرول 10.61 فیصد، مٹی کا تیل 16فیصد، تعلیم اورکتابیں 12.26 فیصد، علاج معالجہ10فیصد، چائے 9فیصد اور بکرے اور مرغی کا گوشت 8فیصد مہنگ ہوا۔

The post مئی میں مہنگائی بڑھ کر 4.2 فیصد پر پہنچ گئی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » بزنس https://ift.tt/2kIOmdA