ای برانچز سے نئے نوٹوں کی بکنگ 24 گھنٹے میں ہی بند - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

ای برانچز سے نئے نوٹوں کی بکنگ 24 گھنٹے میں ہی بند

 کراچی: بینک دولت پاکستان کی جانب سے عوام کو نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کیلیے ایس ایم ایس سروس شروع کرتے ہی 24 گھنٹے کے اندر بیشتر بینک ای برانچز پر بکنگ بند ہوگئی۔

اسٹیٹ بینک کی سروس کی بھرپور پذیرائی ہوئی اور شہریوں نے فوری طور پر دھڑا دھڑ ایس ایم ایس کرنے شروع کردیے، ایس ایم ایس رش کا یہ عالم تھا کہ جوابی ایس ایم ایس آنے میں6 سے 7 گھنٹے کا وقت لگا اور دوسرے ہی دن بیشتربینکوں سے بکنگ بند ہونے کے جواب آنے موصول ہوگئے۔

واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے اپنے ذیلی ادارے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے ذریعے ایس ایم ایس سروس جمعرات سے شروع کی۔

مرکزی بینک سے جاری اعلامیے کے مطابق نئے نوٹ کمرشل بینکوں کی نامزد شاخوں سے دستیاب ہوں گے جن کو ’ ای برانچز ‘کہا گیا ہے، اس کے علاوہ ایس بی پی بی ایس سی کے 16 فیلڈ دفاتر سے بھی نئے کرنسی نوٹ حاصل کیے جا سکیں گے، عوام کو موبائل ایس ایم ایس سروس کے ذریعے نئے نوٹوں کا اجرا یکم تا14 جون ہوگا، یہ سروس ملک کے 132 شہروں کی 1535 ’ ای برانچز ‘ کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔

ایک فرد 10روپے کے 3 پیکٹ جبکہ برانچ میں دستیابی کی صورت میں 50 روپے اور 100روپے کے نوٹوں کا 1، 1پیکٹ حاصل کر سکتا ہے، اس مقصد کے لیے ایس ایم ایس سروس کے ذریعے نوٹوں کے حصول کے لیے ایک طریقہ کار دیاگیا تھا جس میں صارف اپنے سی این آئی سی کو قریبی ای برانچ کے کوڈ کے ساتھ دیے گئے نمبر پر بھیجتا ہے جس کے بعد متعلقہ بینک سے جوابی ایس ایم ایس میں آئی ڈی نمبر اور بینک برانچ کے پتے کے ساتھ مقررہ تاریخ پر نئے نوٹ لینے کی ہدایت کی جاتی ہے تاہم بیشتر برانچوں پر نئے نوٹوں کے لیے بکنگ کوٹہ 24 گھنٹے کے اندر ہی ختم ہوگیا اور ایس ایم ایس کرنے پر پیغام دیا جا رہا ہے کہ افسوس کے ساتھ آگاہ کیا جاتا ہے کہ یہ برانچ اپنی بکنگ حد کو پہنچ چکی ہے اس لیے نئے نوٹوں کے لیے کسی دوسری قریبی ای برانچ کا انتخاب کیا جائے۔

The post ای برانچز سے نئے نوٹوں کی بکنگ 24 گھنٹے میں ہی بند appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » بزنس https://ift.tt/2HeUTWf