سڈنی: بھارت آسٹریلیا میں رات کو ٹیسٹ کھیلنے سے گھبرانے لگا۔
بھارت کی جانب سے 2018-19 کے دورئہ آسٹریلیا میں ایڈیلیڈ میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا امکان بہت ہی کم ہے، اگرچہ آسٹریلوی بورڈ کو بدستور اس بات کی امید ہے کہ بھارت راضی ہوجائے گا اس لیے 6 دسمبر کو ایڈیلیڈ میں شیڈول ٹیسٹ کے اوقات کا تعین کیے بغیر ہی اپنے ہوم سیزن کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ نومبر 2015 سے ایڈیلیڈ پنک گیند کے ساتھ نائٹ ٹیسٹ میچز کی میزبانی کررہا ہے۔
سی اے کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ نے کہاکہ ہماری ترجیح یہی ہے کہ ایڈیلیڈ میں بھارت کے ساتھ نائٹ ٹیسٹ کھیلیں، اس حوالے سے بدستور بی سی سی آئی کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہیں، امید ہے کہ آنے والے ہفتوں میں اس حوالے سے تفصیلات طے پاسکتی ہیں۔
اس موسم گرما میں آسٹریلیا اکتوبر نومبرمیں جنوبی افریقہ کی محدود اوورز کے میچز کیلیے میزبانی کرے گا، بھارت اور اس کے بعد سری لنکا سے مکمل سیریز ہوگی جس کی وجہ سے ہوم سیزن کو فروری تک لے جایا جائے گا۔
اس دوران نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیم پہلے ٹوئنٹی 20 اور بعد میں ون ڈے سیریز کیلیے بھی آسٹریلیا کا رخ کرے گی۔ پروٹیز 4 سے 11 نومبر تک تین ون ڈے اور 17 نومبر کو واحد ٹوئنٹی 20 میچ کھیلیں گے۔ یہ گولڈ کوسٹ کے میٹریکون اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا پہلا انٹرنیشنل کرکٹ میچ ہوگا۔
بھارت ٹور کا آغاز تین ٹوئنٹی 20 میچز سے کرے گا جو21 سے 25 نومبر تک کھیلے جائیں گے، اس کے بعد چار ٹیسٹ میچز ایڈیلیڈ (6 سے 10 دسمبر)، پرتھ (14سے 18 دسمبر)، میلبورن (26 سے 30 دسمبر) اور سڈنی (3 سے 7 جنوری) تک شیڈول ہیں۔ پرتھ کے نئے اسٹیڈیم میں یہ پہلا ٹیسٹ ہوگا۔اس کے بعد 3 ون ڈے 12 سے 18 جنوری تک کھیلے جائیں گے۔ سری لنکن ٹیم24 جنوری سے 5 فروری تک 2ٹیسٹ کھیلے گی۔
The post بھارت آسٹریلیا میں نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے گھبرانے لگا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2Fv7S5z