مونٹریال: روبوٹ پر تحقیق سے ہماری زندگی آسان ہوچکی ہے اور اب روبوٹ نے گھراور دفاتر کے مشکل مقامات پر رنگ و روغن کا بیڑہ بھی اٹھالیا۔
یونیورسٹی آف واٹر لو میں ایک روبوٹ میورِک بنایا گیا ہے جو دیواروں کے مشکل ترین کونوں میں بہت اچھی طرح پینٹ کرسکتا ہے۔ اس روبوٹ پر لفٹ نما ایک لمبی گردن ہے جس پر اسپرے گن اوپر اور نیچے حرکت کرتی ہے اور روبوٹ ہموار انداز میں پینٹنگ کرتا رہتا ہے۔
اسے جامعہ واٹرلو کے جن ماہرین نے تیار کیا ہے ان میں دنیا کے بہترین دماغ شامل ہیں جو ایپل اور فیس بک جیسی کمپنیوں میں بھی کام کرچکے ہیں۔ یہ روبوٹ الگورتھم کی مدد سے پوری کمرے کا نقشہ تیار کرتا ہے اور پھر اپنا کام شروع کردیتا ہے۔ روبوٹ بہت ہموار انداز میں اسپرے کرکے بہترین انداز میں دیوار پینٹ کرتا ہے۔
اس ٹیم میں کینیڈا میں مقیم پاکستانی حماد مرزا بھی شامل ہیں جنہوں نے پورے نظام کو یکجا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر حماد مرزا نے کہا کہ ہر سال صرف شمالی امریکا میں رنگ و روغن کرنے پر ڈیڑھ ارب ڈالر کی خطیر رقم خرچ ہوتی ہے اور لگ بھگ 5 ہزار افراد اس عمل میں زخمی ہوتے ہیں روبوٹ کے ذریعے اس کام کو کم خرچ اور تیزرفتار بنایا جاسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس روبوٹ میں ایک خاص سافٹ ویئر کا اضافہ بھی کیا گیا ہے جو رنگ کے معیار کو نوٹ کرتا رہتا ہے۔ روبوٹ ایک پلیٹ فارم، اسپرے سسٹم اور ایک بازو پر مشتمل ہے۔ اگر کسی جگہ پینٹ نہ کرنا ہو تو روبوٹ اسے نظرانداز کرکے آگے بڑھ جاتا ہے۔ روبوٹ غیرمعمولی تیزی سے دیواروں کو رنگ و روغن سے مزین کرتا ہے اور انسان اس کا مقابلہ بھی نہیں کرسکتے۔
میورک روبوٹ کے بعض حصے لکڑی سے بنائے گئے ہیں جبکہ کچھ حصے تھری ڈی پرنٹر کی مدد سے جوڑے گئے ہیں۔
The post روبوٹ نے دیواروں پر رنگ کرنے کی ذمے داری بھی سنبھال لی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی https://ift.tt/2rbbsfR