ٹوکیو: جاپانی ماہرین نے ایک حیرت انگیز ٹرانسفارمر روبوٹ بنایا ہے جو چند لمحوں میں ایک مکمل کار میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ اسے جے ڈایٹی رائڈ کا نام دیا گیا ہے جو ایک طرح سے جاپانی سائبروٹرون کی نقل ہے۔
مکمل طور پر تبدیل ہونے والا حقیقی روبوٹ چار میٹر بلند ہے اور وہ زمین بوس ہوکر ایک کار میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ جے ڈایٹی رائڈ کو جاپان کی تین مشہور کمپنیوں نے مل کر تیار کیا ہے اور اس پر گزشتہ چار برس سے کام جاری تھا۔ اب اسے نومبر میں فلوریڈا میں ہونے والی ایک ٹیکنالوجی نمائش میں پیش کیا جائے گا۔
اسے ٹرانسفارمر سے متاثر ہوکر تیار کیا گیا ہے جسے جاپان کے مشہور مکینکل ڈیزائنر کیونیو اوکاوارہ نے ڈیزائن کیا ہے۔ تاہم یہ ٹرانسفارمر فلم کی طرح اس تیزی سے تبدیل نہیں ہوتا لیکن اپنے جیسی ایجادات سے قدرے بہتر ہے۔ خود کو بدلتے دوران یہ روبوٹ بہت سی اشکال میں ڈھلتا ہے اور گاڑی سے روبوٹ اور روبوٹ سے گاڑی میں بدل جاتا ہے۔
یہ روبوٹ کار میں بدلنے کے بعد 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتا ہے اور انہی پہیوں کی مدد سے یہ روبوٹ بھی آگے بڑھتا ہے۔ تاہم اس کے چلنے کی رفتار بہت سست ہے جو 100 میٹر فی گھنٹہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ انجینیئر روبوٹ کے بجائے کار کی رفتار زیادہ فخر سے بتاتےہیں۔
لیکن اس کی حرکات اور تمام فیچرز بہت حیرت انگیز ہیں جو جاپانی انجینئروں کی مہارت کا ایک عمدہ شاہکار بھی ہے۔ کار میں آسانی سے دو افراد بیٹھ سکتے ہیں۔
ٹرانسفارمر کو مشترکہ طور پر اسراٹیک، سینسائی ٹیکنالوجیز اور بریو روبوٹکس نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ اگلے مرحلے میں یہ رپورٹ کمرشل بنیادوں پر فروخت کیا جائے گا۔
The post جاپان کا حقیقی ٹرانسفارمر روبوٹ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی https://ift.tt/2Kq5FvH