کراچی: چنگچی رکشہ ویلفیئر ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ احتجاج اور دھرنے کے پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے تاکہ جلد ازجلد احتجاج اور دھرنے کی کال دی جائے اور تاریخ کا بھی جلد اعلان کردیا جائے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آل پاکستان چنگچی رکشہ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر عاطف رضا راجپوت نے اجلاس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر اب تک کوئی عمل درآمد نہیں کیا، حکومتی عہدیداران سے بات کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے بات تک نہیں کی، ایڈیشنل آئی جی سے بات ہوئی تو انہوں نے ہمیں یقین دہانی کرائی کہ روٹ پرمٹ اور دیگر چنگچی رکشہ کے حوالے سے جو مسائل ہیں انہیں جلد دور کر دیا جائے گا، لیکن عرصہ گزر گیا ہمارے مسائل جوں کے توں ہیں اور کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔
عاطف رضا نے بتایا کہ ایڈیشنل آئی سے بار بار رابطہ کیا گیا لیکن اب ہمیں یہ باور کرایا گیا ہے کہ اوپر بات کریں، کوئی افسر ملاقات کے لئے تیار نہیں، اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات ردی کی ٹوکری میں ڈال دیئے گئے، اگر حالات اسی طرح رہے تو ہم مجبور ہوں گے کہ کوئی اقدام اٹھایا جائے اور اپنے حق کے لئے سندھ بھر میں احتجاج کا اور دھرنے سلسلے شروع کیا جائے۔
صدر ایوسی ایشن نے کہا کہ احتجاج اور دھرنے کے پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، تاکہ جلد ازجلد احتجاج اور دھرنے کی کال دی جائے اور تاریخ کا بھی جلد اعلان کردیا جائے، ہم کراچی میں موجود وزیراعلی ہاؤس اور گورنر ہاؤس کے سامنے اپنے چنگچی ڈرائیوروں اور مالکان کے ساتھ ان کے بیوی بچوں اور پورے پورے 10 ہزار خاندانوں کے ساتھ احتجاج کریں گے اور دھرنے دیئے جائیں گے۔
The post چنگچی رکشا ایوسی ایشن کا سندھ بھر میں احتجاج اور دھرنے کا اعلان appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3GWRoEa
