کراچی میں پولیس کے ہاتھوں مبینہ طور پر شہری قتل - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

کراچی میں پولیس کے ہاتھوں مبینہ طور پر شہری قتل

 کراچی: کیفے پیالہ کےعقب میں واقع گجر نالے سے ایک شخص کی لاش ملی ہے۔

ہلاک ہونے والے شخص کے بھائی نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کے بھائی کو سمن آباد تھانے کے دو پولیس اہلکاروں نےقتل کیا ہے انہیں انصاف فراہم کیا جائے ، ایس پی گلبرگ کا کہنا ہے کہ پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہےپوسٹ مارٹم کروایا جارہا ہے تاکہ حقائق واضح ہوں۔

منگل کی صبح تیموریہ تھانے کےعلاقے سیکٹر16 بفرزون کیفے پیالہ کے عقب میں واقع شاہ خالد بن عبدالعزیزکالونی کے قریب گجرنالے سے ایک شخص کی لاش ملی جسے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 32 سالہ یونس ولد محمد رضا کے نام سے کرلی گئی۔

مقتول شاہ خالد بن عبدالعزیز کالونی کا رہائشی اور کباڑ کا کام کرتا تھا اورایک بچی کا باپ تھا ۔ اس حوالے سے مقتول کے بھائی محمد حنیف نے بتایا کہ یونس صبح ساڑھے 6 بجے بچوں کے لیے گھرسے ناشتا لینے کے لیے نکلا تھا بھائی کوراستے میں اسکے دوست مل گئے اور بھائی کھڑا ہو کران سے باتیں کرنے لگااسی دوران سمن آباد تھانے کے ڈنڈا بردار دو پولیس اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے ۔ پولیس اہلکاروں نے بھائی اوراس کے دوستوں کی تلاشی لی لیکن ان کے پاس سے کچھ نہیں ملا۔

ڈنڈا بردار پولیس اہلکاروں نے بھائی اوراس کے دوستوں کو ڈنڈوں سے مارنے کی کوشش کی تو بھگدڑ مچ گئی ان کا بھائی اور اس کے دوستوں نے وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی تو بھائی کا پاؤں پھسل گیا اور گجر نالے میں گرگیا۔ پولیس اہلکاروں نے بھائی کو بچانے کے بجائے اس پر دو چار پتھر مارے جس کے باعث ان کا بھائی سر پر پتھر لگنے سے ہلاک ہو گیا ۔

جس جگہ واقعہ ہوا وہ تیموریہ تھانے کی حدود ہے لیکن پولیس اہلکارسمن آباد تھانے سے آئے تھے ، مقتول کے بھائی محمد حنیف اعلیٰ پولیس افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اورواقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔

اس سلسلے میں ایس ایچ او تیموریہ فرضاد شیخ اور ایس ایچ او سمن آباد وقار قیصر سے رابطہ کرکے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تو دونوں ایس ایچ اوز نے مبینہ طور پر حقیقت معلوم ہونے کے باوجود واقعے سے لا عملی کا اٖظہار کیا ۔

ایس پی گلبرگ اظہرمغل کا کہنا ہے پولیس واقعے کی ہر پہلو پر تفتیش کر رہی ہے۔ سمن آباد پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول نے نالے میں چھلانگ لگائی جس سے اس کی موت ہوئی،جبکہ اہل محلہ کا کہنا ہے کہ نالے میں گرنے کے بعد سرپرپتھرمارا جس سے موت ہوئی،انھوں نے بتایا کہ مقتول کا پوسٹ مارٹم کروایا جارہا ہے تاکہ حقائق واضح ہوں،واقعہ میں ملوث نفری کوطلب کرلیا گیا ہےاہلکاروں، اہل خانہ کے بیانات قلمبند کرنے اورپوسٹ مارٹم کی رپورٹ کی بنیاد پرانکوائری کی جائے گی۔۔

The post کراچی میں پولیس کے ہاتھوں مبینہ طور پر شہری قتل appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3hAyHLZ