کراچی: چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت سندھ کے اسپتالوں پر قبضہ کرنے کے لیے سازشیں کر رہی ہے۔
عالمی یومِ صحت پر بیان دیتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کی صحت پالیسی ‘صحت سب کے لیے’ کے بجائے ‘صحت برائے اشرافیہ’ ہے، عمران خان حکومت اپنی کرپشن پر مبنی پالیسیز کے ذریعے پاکستانیوں کی صحت کو خطرے میں ڈال رہی ہے، صحت کی سہولیات پاکستان کے عوام کا بنیادی حق ہے اور حکومت کو اس حق کو محفوظ بنانے کو یقینی بنانا ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت ادویات کی قیمتوں میں غیرمعمولی 260 فیصد تک اضافہ کرچکی ہے، جس کے نتیجے میں مریضوں کا ایک بڑا طبقہ ادویات کی مقدار کو کم کرنے یا علاج بند کرنے پر مجبور ہے، عمران خان کی کابینہ کے دو وزراء صحت کو کرپشن کے الزامات پر عہدوں سے ہٹایا جا چکا ہے، دونوں وزراء ادویات کی قیمتوں میں اضافے اور امپورٹ کے اسکینڈلز میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے، لیکن اس کے باوجود ان وزراء کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے تاحال صحت عامہ کے ساتھ انتھائی سفاکانہ کھیل جاری رکھا ہوا ہے، حکومت سندھ نے جے پی ایم سی اور این آئی سی وی ڈی اسپتالوں پر 100 ارب روپے خرچ کیے ہیں، ان اسپتالوں میں پورے پاکستان سے آنے والے امراض قلب، جگر، کینسر اور دیگر بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو علاج ہوتا ہے، پی ٹی آئی حکومت صحت عامہ کے ان کامیاب ماڈلز کو ناکام بنانے اور ان اسپتالوں پر قبضہ کرنے کے لیے سازشیں کررہی ہے، ان کو بھی اْن بے شمار اسپتالوں کی طرح چلانا چاہتی ہے جس طرح وہ ان صوبوں میں چلا رہے ہیں جہاں ان کی حکومتیں ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پہلے کوویڈ-19 کو عام فلو قرار دے کر لوگوں کو کہا کہ انہیں ڈرنے کی ضرورت نہیں، اور وبائی مرض کی پہلی لہر کے دوران سندھ حکومت کی طرف سے لاک ڈاوٴن نافذ کرنے کی مخالفت کی، یہ مخالفت صرف اس لئے تھی کیوں کہ پیپلز پارٹی کی زیرقیادت سندھ حکومت نے وباء سے نمٹنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے تھے، پی ٹی آئی حکومت کو حکومتِ سندھ کی پیروی کرنی پڑ رہی تھی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومت اب دنیا کی ان چند حکومتوں میں سے ایک ہے، جنہوں نے کوویڈ-19 سے بچاوَ کی ویکسین نہیں خریدی، ایسی حکومتیں مکمل طور پر عطیہ کردہ ویکسین پر انحصار کر رہے ہیں، عمران خان کی زیر قیادت ناجائز و نااہل سلیکٹڈ حکومت صرف ملک کی معاشی خوشحالی کے لئے خطرہ نہیں ہے، بلکہ یہ شعبہ صحت عامہ کو بھی منظم طریقے سے تباہ کرنے پر بھی اسی طرح تلی ہوئی ہے، افسوس ہے، پی ٹی آئی کی نیو لبرل پالیسیاں ہر پاکستانی شہری کے لیئے نقصاندہ ہیں، یہ پالیسیاں ہر پاکستانی کی معاشی، سماجی، صحت اور سیاسی فلاح و بہبود کی قیمت پر صرف چند افراد کو فائدہ پہنچانے کے لئے کام کرتی ہیں۔
The post پی ٹی آئی سندھ کے اسپتالوں پر قبضہ کرنے کے لیے سازشیں کر رہی ہے، بلاول بھٹو appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/39P2Y5n