بیک ڈور سے آنے کی خواہش نہیں، مراد علی شاہ - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

بیک ڈور سے آنے کی خواہش نہیں، مراد علی شاہ

 حیدرآباد:  وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں کبھی بیک ڈور سے آنے کی خواہش نہیں ہوئی۔

حیدرآباد میں پی پی کے ایم پی اے عبدالجبار خان سے ان کی ہمشیرہ کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ رانا ثناء نے آصف زرداری سے متعلق جو بات کہیں وہ سنی نہیں البتہ یہ لوگ اس پارٹی کے بارے میں بات کررہے ہیں جس کے بانی لیڈر کو شہید کیا گیا جس کے بعد ان کی بیٹی بے نظیر بھٹو کو شہید کیا گیا، دو جوان بیٹے شہید ہوچکے ہیں اور اس کے باوجود پی پی نے جمہوریت کی بحالی کیلیے جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے، اس پارٹی کے بارے میں ایسی باتیں مناسب نہیں ہیں، پی پی اس وقت بھی پی ڈی ایم کا حصہ ہے اس لیے زیادہ بات نہیں کرسکتا لیکن پی پی کے خلاف ہونے والی باتیں کسی سے ہضم نہیں ہوگی۔

انھوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کے ساتھ ہے اور جو فیصلہ ہوگا وہ مشترکہ ہوگا۔ پی ڈی ایم میں بغیر صلاح مشورے کے بعض فیصلے ہوئے جس پر آواز اٹھائی اور حالیہ میٹنگ بھی اسی وجہ سے تنازعے کا شکار بنی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ حقیقت میں پی ڈی ایم کا وہ اجلاس لانگ مارچ شروع کرنے کے حوالے سے تھا لیکن اچانک استعفوں کی بات لے آئے جس پر پی پی نے اعتراض اٹھایا تھا کہ اپنی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے صرف لانگ مارچ شروع کرنے کا فیصلہ لیا تھا اور استعفوں کو آخری حربے کے طور پر استعمال کرنا تھا۔ اس میٹنگ میں استعفوں پر بات نہیں ہونی چاہیے تھی صرف لانگ مارچ پر بات ہونی تھی، اب پتہ نہیں کسی نے جان بوجھ کر کیا یا انجانے میں ہوا۔ اسی لیے کہتے ہیں کہ پی ڈی ایم میں جو فیصلے ہونے چاہیئیں۔

کراچی میں اساتذہ کے احتجاج پر وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ ساڑھے نو سو سے زائد آئی بی اے ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کو کانٹریکٹ پر بھرتی کیا گیا تھا لیکن جن کی سلیکشن نہیں ہوئی وہ لوگ عدالت میں پہنچ گئے تھے اور عدالت نے ان کی درخواستوں پر واضح کیا تھاکہ سترہ گریڈ کی اسامی پر سندھ حکومت براہ راست بھرتی نہیں کرسکتی، اس کیلیے ضروری ہے کہ پہلے پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کیا جائے۔

مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ استعفوں سے متعلق پی پی اپنی سی اے سی کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کرے گی، پی ڈی ایم میں سب ملکر فیصلہ کرنے کے مجاز ہیں، کسی فرد کو فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں۔

انہوں نے مریم نواز کے پی پی سے متعلق بیان پر کہا کہ وہ پارٹی جس نے شہادتیں دی اور آج ان شہداء کی تیسری نسل جمہوریت کی بحالی کیلیے کام کررہی ہے، ہمیں کبھی بیک ڈور سے آنے کی خواہش نہیں ہوئی۔

مراد علی شاہ نے پی ٹی آئی کو بھی آڑھے ہاتھوں لیا اور کہا کہ پچھلے دو ڈھائی سالوں میں ان کی حکومت کی کارکردگی مکمل صفر ہوگئی ہے۔ مہنگائی اپنے عروج پر ہے۔ صوبوں کو مطلوبہ فنڈز نہیں دیے جارہے، انہوں نے کورونا سے متعلق کہا کہ تیسری لہر واقعی خطرناک ہے لیکن اس وقت سندھ میں مثبت کیسز کی شرح کم ہے، لوگ ہر طریقے سے احتیاط کریں۔

The post بیک ڈور سے آنے کی خواہش نہیں، مراد علی شاہ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2NOUEe0