خوابوں کی تعبیر - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

خوابوں کی تعبیر

گھر میں بیل
شاہدہ منظور ، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں گھر کے اندر کام کر رہی ہوں کہ اچانک ایک موٹا سا بیل گھر کے اندر آ جاتا ہے اس کو دیکھ کر میں چیخنے لگتی ہوں۔ شور سن کر ہمارے ملازم آ جاتے ہیں اور اس کو بہت مشکل سے قابو کر کے لے جاتے ہیں ۔
تعبیر : خواب اچھا ہے جو اس بات پہ دلیل کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے مال و وسائل میں اضافہ ہو گا ۔ مالی معاملات خوش اسلوبی سے سر انجام پائیں گے جس سے عزت وتوقیر میں اضافہ ہو گا، آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حیی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

صاف ستھر ا بستر
حسین نظیر، لاہور
خواب :میں نے دیکھا کہ میرے بیڈ روم میں ایک بہت ہی خوبصورت سفید رنگ کا تکیہ پڑا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ سفید رنگ کی لیس لگی چادر بھی بچھی ہے، جس کو دیکھ کر میں حیران ہوتا ہوں کہ اتنا سفید و صاف ستھرا بستر کس کے لئے ہے اور ساتھ ہی خود ادھر لیٹ جاتا ہوں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا ، دوست و رشتہ داروں میں بلند مقام ملے گا ۔ کاروبار میں بھی برکت ہو گی ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور یا حی یا قیوم کا زیادہ سے زیادہ ورد کیا کریں ۔

بیمار دکھائی دینا
اسماء قاسم، گوجرانوالہ
خواب :میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی جگہ کھڑی شیشہ دیکھ رہی ہوں اور اپنی شکل کو دیکھ کر حیران ہوتی ہوں کہ میں کس قدر بیمار لگ رہی ہوں۔ اسی دوران میری ایک دوست آتی ہے اور مجھے کہتی ہے کہ تم کو کیا ہو گیا ہے ، اتنی بیمار کیوں ہو ؟
تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ کاروباری معاملات ہوں یا تعلیمی یا گھریلو کچھ پریشانی ہو سکتی ہے ۔ کہیں سفر، پہ جانا منسوخ بھی ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کے ساتھ کچھ صدقہ و خیرات کریں اور یا حیی یا قیوم کا ورد بھی کیا کریں ۔

شوہر کی طرف سے تحفہ ملنا
ثریا تبسم، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ مجھے اپنے میاں کی طرف سے تحفے میں گولڈن چابیوں کا چھلہ ملتا ہے جو کہ انتہائی خوبصورت ہوتا ہے ۔ میں بہت خوشی سے اس کو اپنی انگلی میں پہن کر جلدی سے سب گھر والوں کو دکھاتی ہوں ۔ سب کو ہی وہ بہت خوبصورت لگتی ہے ۔ میں سوچتی ہوں کہ جلدی سے اپنی دوست کو بھی دکھانے جائوں ، اس کے ساتھ ہی میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کی ازدواجی زندگی کامیاب ہو گی اور محبت و اخوت کا امتزاج ہو گی۔ گھر میں آرام و سکون میسر ہو گا۔ آپ کثرت سے یا شکور یا اللہ کا ورد کیا کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔

راستے میں بچھو
زین العابدین، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میرے سامنے ایک بچھو ہے جو سڑک کے بالکل درمیان میں ہے۔ مجھے اس کو دیکھ کر بہت زیادہ ڈر لگ رہا ہے ۔ کئی دفعہ میں سائیڈ سے گزرنے کی کوشش کرتا ہوں مگر وہ فوراً اسی طرف آ جاتا ہے اور میں خوف کے مارے اپنی جگہ پر منجمند ہو جاتا ہوں ۔
تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی دشمن نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ ممکن ہے کہ وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب ہو جائے ۔ جس کی وجہ سے گھریلو کاروباری یا تعلیمی معاملات میں کوئی رکاوٹ آپ کے لئے پریشانی کا باعث بنے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

شہد بیچنا
مراد شہباز ، شیخوپورہ
خواب : میں نے دیکھا کہ میری دوکان پہ ایک بزرگ شہد کے کچھ مرتبان دے جاتے ہیں جن کو میں چکھتا ہوں تو بہترین ذائقے کا پاتا ہوں پھر میں اپنے ملازم سے مل کر ان کو مختلف پیکنگوں میں بند کر کے بیچتا ہوں ، اس کے ساتھ ساتھ سب کو چکھاتا بھی ہوں ۔ سارے مارکیٹ والے مجھ سے مذید شہد کی فرمائش کرتے ہیں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا ۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذھن میں بزرگی آئے گی ۔گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا ۔ اللہ کے گھر کی زیارت بھی ممکن ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔

شراب فروخت کرنا
عبدالھٰادی ، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں شائد کسی دوکان میں ہوں اور وہاں شراب بیچ رہا ہوں ۔ اس کے ساتھ ساتھ میں خود اپنے دوستوں کے لئے کچھ سامان الگ بھی کرتا ہوں ۔ اور یہ سوچتا ہوں کہ وہ یہ سب دیکھ کر بہت خوش ہوں گے ۔
تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا دماغ بہت زیادہ دنیا داری میں لگا ہوا ہے ۔ اور زیادہ تر وقت پیسوں اور دنیا کے متعلق سوچتے ہوئے گزرتا ہے ۔ بہتر ہے کہ اس دنیا داری سے ذھن نکال کر اللہ کی طرف دھیان لگائیں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے سیرت النبی کا مطالعہ کیا کریں جو کہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔ کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

لذیذ کھانا
رمشہ مغل، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی دعوت میں ہوں اور وہاں بہت ہی لذیذ بکرے کا گوشت بمعہ تندور کی تازہ ترین روٹیوں کے ساتھ کھا رہی ہوں ۔ میرے ساتھ شائد کوئی فیملی ممبر بھی ہے ۔ ہم دونوں کھاتے جا رہے ہیں اور ساتھ ساتھ تعریف بھی کرتے جا رہے ہیں۔
تعبیر : خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے رزق میں اضافہ ہو گا جس سے مال و وسائل میں بہتری ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ساتھ یا حیی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

The post خوابوں کی تعبیر appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3vl58mc