این اے 249 کا ضمنی انتخاب؛ کانٹے کا مقابلہ متوقع - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

این اے 249 کا ضمنی انتخاب؛ کانٹے کا مقابلہ متوقع

کراچی: این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے لیے 25 امیدواروں نے 59 کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے، کاغذات نامزدگی 17 مارچ تک وصول اور جمع کرائے جاسکتے ہیں لہٰذا پولنگ 29 اپریل 2021 بروز جمعرات کو ہو گی۔

ریٹرننگ افسر محمد سجاد خٹک کے مطابق این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے لیے 2 روز میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن غربی سے 25 امیدوار 59 نامزدگی فارم حاصل کرچکے ہیں، ان میں مسلم لیگ (ن) کے مفتاح اسماعیل، پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو، ایڈوکیٹ قادر خان مندوخیل، ایم کیو ایم کے یوسف عالم، تحریک انصاف کی لیلی پروین، سنی تحریک کے بلال قادری اور دیگر شامل ہیں۔

الیکشن شیڈول کے مطابق ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کیلیے کاغذات نامزدگی 17 مارچ 2021 تک وصول اور جمع کرائے جاسکتے ہیں، 18 مارچ 2021 کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کے نام آویزاں کیے جائیں گے، 25 مارچ 2021 تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی، ریٹرننگ آفیسر کے فیصلوں کے خلاف اپیل جمع کرانے کی آخری تاریخ 29 مارچ 2021 جبکہ ایپلٹ ٹریبونل میں اپیل کے فیصلوں کی آخری تاریخ 5 اپریل 2021 مقرر کی گئی ہے، کاغذات نامزدگی 7 اپریل تک واپس لیے جاسکتے ہیں، امیدواروں کو انتخابی نشان 8 اپریل کو الاٹ کیے جائیں گے اور پولنگ 29 اپریل 2021 بروز جمعرات ہوگی۔

واضح رہے کہ یہ نشست تحریک انصاف کے فیصل واوڈا کے استعفی کے بعد خالی ہوئی تھی۔ یہ حلقہ کثیر الاقومی، کثیر الجماعتی  اور گنجان آباد ہے، یہاں تقریبا تمام جماعتوں کا ووٹ بینک موجود ہے اسی وجہ سے اس حلقے کو انفرادیت حاصل ہے کیونکہ یہاں ملک کی تمام زبانیں بولنے والے ووٹر رہائش پذیر ہیں۔

2018 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے فیصل واڈا نے یہاں سے 35 ہزار 349 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف صرف 723 ووٹ کے فرق سے ہار گئے تھے، انھوں نے 34 ہزار 981 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ تحریک لبیک کے مفتی عابد حسین نے 23 ہزار 981، ایم کیو ایم کے اسلم شاہ نے 13 ہزار 534، ایم ایم اے کے سید عطا اللہ شاہ نے 10 ہزار 307 اور پیپلز پارٹی کے ایڈووکیٹ قادر خان مندوخیل نے 7 ہزار 236 ووٹ حاصل کیے تھے۔

اس حلقے کی ووٹرز کی کل تعداد 3 لاکھ 31 ہزار سے زائد ہے۔ متفرق نظریات کی حامل اس آبادی پر مشتمل حلقے میں جہاں سخت اور دلچسپ مقابلہ دیکھے جانے کی توقع ہے وہیں سیکیورٹی خدشات کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔

ڈسٹرکٹ الیکشن آفس غربی میں ڈسٹرکٹ الیکشن  آفیسر ندیم حیدر نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ 60 دن کے اندر الیکشن کرانا آئینی ذمے داری ہے، رمضان المبارک میں الیکشن نہ کرانے کی درخواست موصول ہوئی ہے، یہ درخواست الیکشن کمیشن کے اعلی حکام کو بھیج دی گئی ہے، فی الوقت 29 اپریل کو ہی ضمنی انتخاب ہوگا۔

 

The post این اے 249 کا ضمنی انتخاب؛ کانٹے کا مقابلہ متوقع appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3tbS1li