کراچی: خارجہ امور کے ماہرین نے کہا ہے کہ بھارت سفارتی تنہائی کا شکار ہو گیا، مودی کے ہندو نظریے نے بھارت کو عالمی سطح پر بدنام کردیا، امریکا اور چین کے مابین سردجنگ پاکستان کیلیے مشکل ہوگی پاکستان دو عالمی طاقتوں کی درمیان پل کا کردار ادا کرکے عالمی امن کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
بھارت تیزی سے غیر ذمے دار ایٹمی ریاست بن رہا ہے، پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ بھارت تمام حدیں پار کررہا ہے، امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز (پی آئی آئی اے) کے تحت ایشیاپیسیفک میں بڑھتی ہوئی جیواسڑیٹجک تکرار، امکانات اور چیلنجز کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مودی کی قیادت میں بھارت کا دنیا میں امیج خراب ہو رہا ہے، امریکا اور چین کے درمیان سردجنگ کی صورت میں پاکستان کو مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑے گا، امریکا چین کے مابین معاشی جنگ کیںشدت اختیار کرنے کی صورت میں پاکستان کو لازماً کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔
مذاکرے کا آغاز لیفٹیننٹ ریٹائرڈ طارق وسیم غازی اور مہمان خصوصی وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے کیا جبکہ دیگر مقررین میں سفارتکار، سابق وفاقی سیکریٹری خارجہ اور بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر سلمان بشیر، نیشنل سینٹر فار میری ٹائم پالیسی ریسرچ بحریہ یونیورسٹی کے اعزازی فیلو اور ایڈوائزر ریئرایڈمرل پرویز اصغر شامل تھے، سیشنز کی صدارت پی آئی آئی اے کی چیئرپرسن معصومہ حسن اور ایمبسڈر سید حسن حبیب نے کی۔
ڈاکٹر ظفر نواز جسپال نے کہا کہ امریکا نے بالاکوٹ میں بھارتی اقدام کو بھارت کی جانب سے اپنا دفاع قرار دیا،جنوبی ایشیا نیوکلیئر تصادم کے آغاز کا علاقہ ہے اور بھارت پاکستان کے درمیان جنگ کی صورت میں نہ صرف دونوں ملکوں کے ساتھ پوری دنیا کو اس کے منفی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، سفارتی سطح پر بھارت کو تنہائی کا سامنا ہے اب پاکستان کو دہشت گردی کی افزائش کرنے والا ملک نہیں سمجھا جاتا، معاشی میدان میں چین کی جانب سے پاکستان میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری پاکستان کے لیے مددگار ثابت ہو گی۔
The post جنوبی ایشیا نیو کلیئر تصادم کے آغاز کا علاقہ ہے، مقررین appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3ayZ0gK