70 کروڑکے ٹھیکے میں بدعنوانی، بھانڈا پھوڑنے والے افسران عتاب کا شکار - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

70 کروڑکے ٹھیکے میں بدعنوانی، بھانڈا پھوڑنے والے افسران عتاب کا شکار

 کراچی: کراچی کی ترقی سے کھیلنے والی طاقتور مافیا نے محکمہ بلدیات سندھ میں پنجے گاڑلیے، گل بائی تا وائی جنکشن روڈ کی تعمیر کے 70 کروڑ لاگت کے ٹھیکے میں مبینہ سنگین بدعنوانیوںکا بھانڈا پھوٹ گیا، کروڑوں کا کھیل بگاڑنے والے افسران کے خلاف انتقامی کارروائی شروع ہوگئی۔

پری کیورمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ظفر بلوچ کا کراچی سے جیکب آباد تبادلہ کردیا گیا، محمد علی سومرو اور طارق رفیع کو معطل کردیا گیا ، سندھ کے میگا پروجیکٹس کے لیے بنائے گئے محکمہ لوکل گورنمنٹ پروجیکٹ پر اربوں کا ترقیاتی فنڈز ٹھکانے لگانے والی مافیا نے کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

گل بائی سے وائی جنکشن تک سڑک کی تعمیر کا 70 کروڑ لاگت کا ٹھیکہ من پسند ٹھیکیدار کو نوازنے کے پہلے سخت شرائط عائد کرکے دیگر ٹھیکیداروں کو مقابلے سے روکنے کی کوشش کی گئی پھر بڈ سیکیورٹی بڑھادی گئی تھی ، مافیا کا کھیل پری کیورمنٹ کمیٹی نے بگاڑ دیا ، محکمہ بلدیات کی پری کیورمنٹ کمیٹی میں گریڈ 19 کے افسر ظفر مجاہد بلوچ کو چیئرمین اور اراکین میں کے ڈی اے کے ایکسیئن طارق رفیع، محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے اسسٹنٹ انجینئر محمد علی سومرو،محکمہ ایجوکیشن ورکس کے جاوید چندریگر اور شبیر احمد شامل تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کام کے لیے کمیٹی پر دبائو ڈالا گیا تاہم پری کیورمنٹ کمیٹی نے اقرباپروری اور بدعنوانی کے انکشاف پر ٹینڈر کھولنے سے انکار کردیا جس پر طاقتور مافیا کا کھیل بگڑگیا جس کے باعث ٹینڈر اگلی تاریخ تک ملتوی کردیاگیا محکمہ لوکل گورنمنٹ پروجیکٹ کی مافیا نے کھیل بگاڑنے والے افسران کیخلاف انتقامی کارروائی کرتے ہوئے پری کیورمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ظفر مجاہد بلوچ کا جیکب آباد تبادلہ کرادیا اور محمد علی سومرو اور کے ڈی اے کے ایکسیئن طارق رفیع کو معطل کرادیا ہے موجودہ صورتحال پر کراچی کے ٹھیکیداروں اور شہری حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

طاقتور مافیا نے 70 کروڑ کا مذکورہ ٹھیکہ ٹھکانے لگانے کی تیاریاں کرلی ہیں افسران پر مبینہ طور پر دبائو ڈالا جارہا ہے، واضح رہے کہ محکمہ بلدیات نے دوسری پری کیورمنٹ کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں کے ایم سی کے ڈی جی ٹیکنیکل شبیہ الحسن،کے ڈی اے کے چیف انجینئر مبین صدیقی، سپرنٹنڈنٹ انجینئر کے ڈی اے اور وزیراعلیٰ کے کلاس فیلو کہلائے جانے والے خالد مسرور، سپرنٹنڈنٹ انجینئر ایجوکیشن ورکس جمیل احمد میمن اور ایکسیئن ایجوکیشن ورکس تنویر کلوڑ کو شامل کیا گیا ہے۔

The post 70 کروڑکے ٹھیکے میں بدعنوانی، بھانڈا پھوڑنے والے افسران عتاب کا شکار appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3mWeShj