بورڈ آف گورنرز میں پہلی خاتون ڈائریکٹر کا تقرر - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

بورڈ آف گورنرز میں پہلی خاتون ڈائریکٹر کا تقرر

 لاہور:  پی سی بی نے نئے بورڈ آف گورنرز میں پہلی خاتون ڈائریکٹر کا تقرر کر دیا۔

پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا 59واں اجلاس گذشتہ روز نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ہوا، اس موقع پر آئین 2019 کی شق 12 (1) کے تحت 4 نئے آزاد اراکین کے ناموں کی متفقہ منظوری دے دی گئی ہے۔

جاوید قریشی اور عارف سعید کی تقرری 3 جبکہ عاصم واجد اور پہلی خاتون ڈائریکٹر عالیہ ظفر کا تقرر2 سال کیلیے ہوا ہے، ان نئے ناموں کی منظوری کے بعد نیا گورننگ بورڈ تشکیل پاگیا،3 دیگر اراکین کی تقرری کرکٹ ایسوسی ایشنزکا انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد ہوگی۔

یاد رہے کہ سابق بورڈ آف گورنرز میں شاہ ریز روکھڑی لاہور، شاہ دوست کوئٹہ، کبیر خان فاٹا ریجن کے نمائندے کی حیثیت سے شامل تھے،سیالکوٹ ریجن کے نمائندے کو ڈسپلنری ایکشن کے تحت معطل کردیاگیا تھا، ڈپارٹمنٹس میں یوبی ایل نے اپنی ٹیم ہی ختم کردی تھی، ایاز بٹ کے آر ایل،مزمل حسین واپڈا اور عمران فاروق سوئی سدرن گیس کی نمائندگی کررہے تھے، نئی باڈی تشکیل نہ پانے تک ان افراد پر مشتمل باڈی نے کام کیا۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ میں گورننگ بورڈ سے رخصت ہونے والے اراکین کی پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات پر مشکور ہوں،انھوں نے نئے آئین کی نفاذ کے باوجود میری درخواست پر مزید کام کرنے پر حامی بھری، میں نئے اراکین کو خوش آمدید کہتا ہوں، خصوصی طور پر ایک خاتون کی اس بورڈ میں شمولیت قابل ستائش عمل ہے۔

انھوں نے کہا کہ رخصت ہونے والے اراکین کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کا سلسلہ جاری رہے گا، انھیں ایسوسی ایشنز کی عبوری ایگزیکٹیو کمیٹیز کا رکن بنائیں گے، ان کمیٹیز کا پہلا کام کلبز کی رجسٹریشن ہوگا تاکہ گراس روٹ سطح پر کرکٹ کی سرگرمیوں کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے۔

نئے بورڈ آف گورنرز کا پہلا اجلاس آج لاہور میں ہوگا

پی سی بی کے نئے بورڈ آف گورنرز کا پہلا اجلاس منگل کی صبح10 بجے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ہوگا، اس میں چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی رپورٹس پیش کی جائیں گی، پیر کو تقرری پانے والے 4آزاد ڈائریکٹرز کو بورڈ کے امور پر پریزینٹیشن دی جائے گی۔

بی او جی کے تحت کام کرنے والی کمیٹیز کا تقرر بھی کیا جائے گا،کرکٹ ایسوسی ایشنز پر اپ ڈیٹ دی جائے گی،یاد رہے کہ بورڈ آف گورنرز کا یہ 60واں اجلاس ہے۔

The post بورڈ آف گورنرز میں پہلی خاتون ڈائریکٹر کا تقرر appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/36pB39m