شہریوں کے مال کے ساتھ عزت لوٹنے والا ڈکیت گروہ گرفتار - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

 شہریوں کے مال کے ساتھ عزت لوٹنے والا ڈکیت گروہ گرفتار

اوکاڑہ:  سانحہ سیالکوٹ موٹروے زیادتی کیس کے بعد اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور کے علاقہ میں ایک ایسا دل دہلا دینے والا واقعہ رونما ہوا، جس سے انسانیت بھی شرما گئی۔

تھانہ صدر دیپالپور کے علاقے اڈا صالحوال میں دو ماہ قبل دس کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے رات گئے دو مختلف گھروں میں لوٹ مار کی۔ ڈاکوؤں نے خالد نامی شخص کے گھر میں ڈکیتی کی واردات کو جیسے ہی مکمل کیا، اس دوران چار مسلح ڈاکوؤں نے خالد کے اہل خانہ کو ایک کمرے میں بند کر دیا جبکہ گھر میں موجود خالد کی اہلیہ نورین خالد کو اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔

وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس، آر پی او ساہیوال طارق عباس قریشی اور سابق ڈی پی او عمر سعید ملک موقع پر پہنچ گئے۔ آر پی او ساہیوال طارق عباس قریشی کے حکم پر ایس پی انویسٹی گیشن شمس الحق درانی نے متاثرہ خاندان کو انصاف کی یقین دہانی کرواتے ہوئے متاثرہ خاتون کو میڈیکل کے لیے پولیس کی نگرانی میں قریبی ہسپتال منتقل کیا اور ڈی پی او اوکاڑہ نے پولیس کی سات مختلف ٹیمیں سات ایس ایچ اوز کی نگرانی میں تشکیل دیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم صادر کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ملزمان گرفتار نہیں ہو جاتے وقوعہ کی جگہ پر کیمپ آفس لگا کر روزانہ کی بنیاد پر کیس کو مانیٹر کروں گا۔

وقوعہ کی خبریں میڈیا میں آتے ہی وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب نے اس وقوعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال اور ڈی پی او اوکاڑہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ پولیس کی ٹیموں نے سائنسی بنیادوں پر نہ صرف تحقیقات کا سلسلہ جاری رکھا بلکہ مختلف افراد کو شک کی بنا پر گرفتار بھی کر لیا۔

متاثرہ خاتون کو جب میڈیکل کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تو ڈاکٹرز کی ابتدائی تحقیقات میں خاتون سے زیادتی کے شواہد نہ ملے اور نہ ہی مقامی ڈاکٹرز نے خاتون سے زیادتی کی تصدیق کی، جس کے بعد کیس دوسرا رخ اختیار کر گیا تاہم ڈاکٹرز کی ٹیم نے ڈی پی او اوکاڑہ کے حکم سے خاتون کے ٹیسٹ اور نمونے لاہور لیبارٹری بھجوائے جہاں سے موصول ہونے والی رپورٹ میں نورین خالد نامی خاتون سے زیادتی کی تصدیق ہو گئی، اس دوران پولیس کی ٹیموں نے نہ صرف اپنا کام جاری رکھا بلکہ دیپالپور سرکل میں پولیس گشت کو مزید موثر بنا دیا گیا۔

اس واقعہ کے ایک ماہ بعد پولیس دیپالپور کا ڈکیتی کی واردات کرنے والے ڈاکوؤں سے آمنا سامنا ہو گیا۔ پولیس پارٹی کو دیکھ کر ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کی تو پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔

ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت بعد ازاں اکرم عرف اکری کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ڈاکو اکرم اکری نورین خالد خاتون سے زیادتی کرنے والے وقوعہ کا مرکزی ملزم تھا تاہم پولیس نے اپنی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا، اس دوران ڈی پی او عمر سعید ملک کا تبادلہ ہو گیا اور نئے تعینات ہونے والے ڈی پی او فیصل شہزاد نے اس واقعہ کی ازسرنو تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ڈی ایس پی دیپالپور شبیر وڑائچ نے ڈی پی او فیصل شہزاد کے احکامات کی روشنی میں دیپالپور سرکل پولیس سائنسی بنیادوں پر سرچ کرتے ہوئے ایک ڈاکووں کے گروہ کو گرفتار کیا جو ناکہ لگا کر لوٹ مار کررہے تھے۔

پولیس نے پانچ ڈاکوؤں کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا۔ گرفتار ہونے والے ڈاکوؤں میں فاروق، گلزار امان، شہریار، اقبال اور حیدر شامل تھے۔ ڈاکوؤں نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اسی گینگ نے اڈا صالحوال میں خالد نامی شخص کے گھر ڈکیتی کی تھی ۔

پولیس نے ڈاکوؤں کے قبضہ سے لوٹ مار کی رقم اور اسلحہ بھی قبضہ میں لے لیا۔ آر پی او ساہیوال نے خاتون سے دوران ڈکیتی زیادتی کا مقدمہ ٹریس آوٹ کرنے والی پولیس پارٹی کو شاباش دی اور ان کے لیے انعام اور سر ٹیفکیٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔

The post  شہریوں کے مال کے ساتھ عزت لوٹنے والا ڈکیت گروہ گرفتار appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3oSJouz