اسلام آباد: گلگت بلتستان الیکشن کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے امیدواروں میں بعض حلقوں میں غیر اعلانیہ اتحاد ہوگیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے امیدواروں میں بعض حلقوں میں غیر اعلانیہ اتحاد ہوگیا ہے۔ اسی طرح پاکستان تحریک انصاف نے بھی مجلس وحدت المسلمین سے اتحاد کے بعد اسلامی تحریک سے بعض سیٹوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرلی ہے۔
مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقات میں تمام حلقوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی، دونوں اطراف سے خطے میں سیاسی تعاون کے حوالے سے کمیٹی بھی قائم کی گئی۔
پیپلز پارٹی کے مہدی شاہ اور ن لیگ کے حافظ حفیظ الرحمن کے درمیان بھی الگ ملاقات میں تفصیلات پر تبادلہ خیال ہوا، تفصیلی مذاکرات کے بعد پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر امجد ایڈووکیٹ اور سابق وزیر قانون اور ن لیگی رہنما اورنگزیب ایڈووکیٹ پر کمیٹی قائم کی گئی،آخری مرحلے پر پاکستان تحریک انصاف نے بھی بڑی سیاسی چال چلتے ہوئے خطے کی بڑی سیاسی و مذہبی جماعت کی حمایت حاصل کرلی ہے۔
علامہ عارف واحدی کے ذریعے علامہ سید ساجد علی نقوی سے تحریک انصاف کے رابطے کسی حد تک کامیاب ہوگئے ہیں، اسکردو ون میں اسلامی تحریک کے امیدوار سفیر عباس تحریک انصاف کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہو گئے۔
اسی ڈیل کے تحت گلگت ون سے تحریک انصاف کے امیدوار جوہر علی اسلامی تحریک کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہوئے،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت کے درمیان جی بی الیکشن میں اکثریت کے بعد حکومت سازی پر بھی غور کیا گیا،الیکشن میں نتائج توقع کے برعکس آنے پر متفقہ احتجاجی پلان پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
The post گلگت بلتستان الیکشن: پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا غیراعلانیہ اتحاد appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/35tV92W