کراچی: کراچی سبزی منڈی میں کروڑوں روپے مالیت کے رفاہی پلاٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والی سبزی منڈی کی ایک سرکردہ شخصیت نے ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نام پر 400گز کے رقبہ پر مبینہ طور پر جعلی دستاویزات دکھاکر قبضہ کرنے کی کوشش کی اور رقبہ کو نشان زدہ کرکے وہاں مسلح گارڈز بھی تعینات کردیے تھے۔
منڈی کے تاجروں اور مارکیٹ کمیٹی کی مداخلت پر کسی قسم کی تعمیرات نہ ہوسکیں مارکیٹ کمیٹی نے قبضہ میں ملوث تاجر رہنما اور اس کے بیٹے سمیت سرکاری عملے کو دھمکیاں دینے والے کارندوں کے خلاف سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں ایف آئی آر نمبر 852/2020 درج کرادی ، جس رفاہی پلاٹ پر قبضہ کیا جارہا تھا وہ گاڑیوں کے وزن کرنے کے لیے کانٹے کی تعمیر کے لیے مختص کیا گیا تھا تاہم اس پر الاٹ منٹ کی مبینہ جعلی دستاویزات کی بنیاد پر قبضہ کیا جارہا تھا۔
مارکیٹ کمیٹی کا کہنا ہے کہ سبزی منڈی میں سبزی سیکشن کے داخلی دروازے سے متصل یہ رقبہ کبھی کسی کو الاٹ نہیں کیا گیا ،پلاٹ کی اوپن مارکیٹ میں قیمت 25کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔
مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین کی جانب سے سب ڈویژنل پولیس آفیسر سہراب گوٹھ کی جانب سے مذکورہ پلاٹ کی ملکیت کی تصدیق کے لیے بھیجے گئے خط کے جواب میں مطلع کیا ہے کہ سبزی منڈی میں وے برج (کانٹے) کی جگہ کسی کو الاٹ نہیں کی گئی اور اس سلسلے میں قبضہ گیر عناصر کی جانب سے پیش کی جانے والی دستاویزات جعلی اور نامکمل ہیں جن میں ردوبدل کرکے قبضہ کو جائز بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔
یہ پلاٹ ڈائریکٹر جنرل ایگری کلچر ایکس ٹینشن سندھ کی ملکیت ہے، مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین کے مطابق سپریم کورٹ کے احکام کی روشنی میں کسی بھی قسم کے رفاہی پلاٹ کی حیثیت تبدیل نہیں کی جاسکتی جو سرکردہ شخصیات قبضے میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
The post سبزی منڈی ، 25 کروڑکے رفاہی پلاٹ پر قبضے کی کوشش ناکام appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2U4KwgC