دنیا کا سب سے چھوٹا پرندہ، وزن صرف دو گرام - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

دنیا کا سب سے چھوٹا پرندہ، وزن صرف دو گرام

کیوبا: بی ہمنگ برڈ ایک خوبصورت عجوبہ پرندہ ہے جس کا وزن دو گرام سے کچھ زیادہ ہوتا ہے۔ اس پرندے کو دنیا کا سب سے چھوٹا پرندہ قرار دیا گیا ہے۔

یہ شہد کی مکھی سے کچھ بڑا ہوتا ہے اور اسی بنا پر اسے بی ہمنگ برڈ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے ایک انڈے کی جسامت کافی کے بیج کے برابر ہوتی ہے اور یہ صرف کیوبا میں ہی پایا جاتا ہے۔

اس کی غذا پھولوں کا رس اور چھوٹے کیڑے ہیں اور پرواز کے دوران یہ پرندہ اڑتے ہوئے کیڑے کی مانند دکھائی دیتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کی مختصرین ترین جسامت کی وجہ ایک کیفیت ہے جسے ’جزیرے کا بونا پن‘ یا آئی لینڈ ڈوارفزم کہا جاتا ہے۔ ارتقائی لحاظ سے کسی جزیرے پر موجود جانوروں کو غذا اور وسائل میں کمی کا سامنا ہوتا ہے اور لاکھوں برس میں وہ دیگر انواع کے مقابلے میں وہ دھیرے دھیرے چھوٹے ہوتے جاتے ہیں۔ مکمل طور پر فنا ہونے سے بچنے کا یہ راستہ کئی جانوروں میں دیکھا جاسکتا ہے۔

کیوبا کے جزائر پر بی ہمنگ برڈ کے ساتھ دوگنی جسامت کا ہمنگ برڈ بھی پایا جاتا ہے۔ اسی طرح کئی جزائر پر بعض چھوٹے اور کچھ بڑے ہمنگ برڈ ہوتے ہیں لیکن بی ہمنگ برڈ ان میں سب سے چھوٹا ہوتا ہے۔

کیوبا کے جزائر پر طرح طرح کے پودے اس کی بقا کی وجہ ہیں جہاں ان گنت اقسام کے کیڑے موجود ہیں اور پھولوں کا رس وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اسی بنا پر یہ خوراک کی کمی کا شکار نہیں ہوتا۔ حیرت انگیز طور پر اس کے چھوٹے اعضا بہت زیادہ توانائی پیدا کرتے ہیں۔ اس میں استحالہ (میٹابولک) کی شرح اور جسمانی حرارت بھی زیادہ ہوتی ہے۔ اسی بنا پر یہ 25 سے 30 میل فی گھنٹہ کی رفتار پر پرواز کرسکتا ہے۔ اسے زندہ رہنے کے لیے بھرپور غذا کی ضرورت ہوتی ہے اور ایک دن میں 1500 پھولوں کا رس درکار ہوتا ہے۔

دن بھر لاتعداد مچھر کھانے اور پھولوں کا عرق پینے کے بعد بھی رات کے وقت یہ پرندہ اپنی جسمانی حرارت برقرار نہیں رکھ سکتا ۔ اس کے لیے وہ ایک خاص قسم کی سرما خوابی جیسی کیفیت ’ٹورپور‘ میں چلاجاتا ہے تاکہ توانائی کم خرچ ہو اور جسمانی قوت منتشر نہ ہو۔

بی ہمنگ برڈ کا نر خوبصورت لیکن جسامت میں چھوٹا ہوتا ہے جبکہ مادہ بھدی اور جسامت میں تھوڑی بڑی ہوتی ہے۔ اس کا گھونسلہ گالف کی ایک گیند سے بڑا نہیں ہوتا۔ اپنے شوخ پروں کی بنا پر یہ بڑے پرندوں، مکڑیوں اور دیگر جانوروں کا آسانی سے نوالہ بن جاتا ہے۔

بی ہمنگ برڈ کی زیادہ سے زیادہ زندگی سات سال نوٹ کی گئی ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے اس کی بقا کو شدید خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔

The post دنیا کا سب سے چھوٹا پرندہ، وزن صرف دو گرام appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب https://ift.tt/3bNWd29