کورونا، ریونیو شارٹ فال 473 ارب سے تجاوز کر گیا - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

کورونا، ریونیو شارٹ فال 473 ارب سے تجاوز کر گیا

اسلام آباد: رواں مالی سال 2019-20 کے پہلے 9ماہ کے دوران ایف بی آر کا ریونیو شارٹ فال پھر بڑھ کر 473 ارب روپے سے تجاوز کرگیا ہے اور ریونیو گروتھ بھی 17فیصد سے کم ہوکرساڑھے 12فیصد ہوگئی ہے جبکہ کورونا وائرس کے باعث گذشتہ ماہ (مارچ) کے دوران نہ صرف 275ارب روپے کے عبوری ریونیو شارٹ فال کا انکشاف ہوا ہے بلکہ مارچ میں ٹیکس وصولیاں پچھلے سال مارچ میں ہونے والی وصولیوں سے بھی 39 ارب روپے کم رہی ہیں۔

ایکسپریس کو دستیاب ایف بی آر کو گذشتہ رات گئے تک حاصل ہونیوالے ٹیکس وصولیوں کے اعدادوشمار کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے گذشتہ ماہ(مارچ) کے دوران مجموعی طور پر 320 ارب روپے کی عبوری خالص ٹیکس وصولیاں کی ہیں جو کہ نہ صرف مارچ 2020 کیلئے مقرر کردہ 595 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کے ہدف کے مقابلے275 ارب روپے کم ہے بلکہ پچھلے سال مارچ 2019 میں حاصل ہونیوالی 359 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں سے بھی 39 ارب روپے کم ہے اس لحاظ سے مارچ میں ایف بی آر کی ریونیو گروتھ منفی رہی ہے اور اسکی بڑی وجہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونیوالی اقتصادی صورتحال ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے گذشتہ ماہ (مارچ) ٹیکس دہندگان کو 18 ارب روپے کے ریفنڈ جاری کئے ہیں اعدادوشمار کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال 2029-20کے پہلے نو ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران مجموعی طور پر 3048 ارب روپے کی خالص ٹیکس وصولیاں کی ہیں جو رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کیلئے مقرر کردہ 3521 ارب روپے کے ہدف کے مقابلہ میں 473 ارب روپے کم ہیں تاہم گذشتہ مالی سال 2018_19 کے پہلے نو ماہ کے دوران حاصل ہونیوالی 2694 ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلہ میں ساڑھے بارہ فیصد زیادہ ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے ایف بی آر کی یہ ریونیو گروتھ سترہ فیصد تھی جوفروری میں کم ہوکر سولہ فیصد اور اب مزید ساڑھے تین فیصد کمی کے ساتھ ساڑھے بارہ فیصد پر آگئی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے نوماہ کے دوران ٹیکس دہندگان کو مجموعی طور پر 132ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے ہیں ایف بی آرذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز میں ٹیکس وصولیوں کے حتمی اعدادوشمار موصول ہونے پر ریونیو شارٹ فال میں کچھ کمی متوقع ہے۔

 

The post کورونا، ریونیو شارٹ فال 473 ارب سے تجاوز کر گیا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » بزنس https://ift.tt/3auebGF