زہر کے ’’گولے‘‘ پھینک کر شکار کرنے والی جیلی فش - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

زہر کے ’’گولے‘‘ پھینک کر شکار کرنے والی جیلی فش

کیلیفورنیا: سمندری حیات کے ماہرین نے ایک قسم کی جیلی فش کے بارے میں دریافت کیا ہے کہ وہ اپنے شکار کو بے سدھ کرکے جکڑنے کےلیے اس پر زہر کے گولے پھینکتی ہے۔

فلوریڈا، کیریبیئن اور مائیکرونیشیا سے متصل کم گہرے سمندروں میں پائی جانے والی اس جیلی فش کا سائنسی نام ’’کیسیوپیا ژاماچانا‘‘ (Cassiopea xamachana) ہے لیکن عام طور پر اسے ’’اُلٹی جیلی فش‘‘ کہا جاتا ہے کیونکہ پہلی نظر میں اسے دیکھ کر یوں لگتا ہے جیسے کوئی جیلی فش اُلٹی ہوگئی ہو، حالانکہ یہ بالکل سیدھی ہوتی ہے۔

عام طور پر یہ سمندری تہہ میں ساکن پڑی رہتی ہے اور صرف اسی وقت حرکت کرتی جب اسے شکار کرنا ہو، یا پھر کسی بڑے سمندری جانور سے بچ کر بھاگنا ہو۔

ایک اور خاص بات یہ ہے کہ جیلی فش کی دیگر اقسام کے برعکس، اُلٹی جیلی فش میں لمبے لمبے ریشے (ٹینٹیکلز) موجود نہیں ہوتے کہ جنہیں پھیلا کر یہ چھوٹے سمندری جانوروں کا شکار کرسکے۔ ماہرینِ بحری حیات اس پر حیران تھے کہ ٹینٹیکلز نہ ہوتے ہوئے بھی یہ جیلی فش کس طرح شکار کرلیتی ہے؟ وہ صرف اتنا جانتے تھے کہ یہ جیلی فش ایک گاڑھے سے محلول کے بلبلے چھوڑتی ہے، مگر اس سے زیادہ کچھ نہیں۔

یہ جاننے کےلیے مختلف امریکی تحقیقی اداروں کے ماہرین پر مشتمل ٹیم نے اس عجیب و غریب جیلی فش کا مطالعہ شروع کیا۔ انہیں معلوم ہوا کہ یہ چھوٹے سمندری جانوروں کا شکار کرنے کےلیے ایک گاڑھے محلول کا گولا اچھالتی ہے جس میں زہر بھرا ہوتا ہے؛ اسے ’’کیسیوسوم‘‘ کہا جاتا ہے۔

کیسیوسوم میں موجود زہر اپنی زد میں آنے والے شکار کو شدید بدبو اور گھٹن کے احساس میں مبتلا کرکے ہلاک کردیتا ہے، اور وہ نیچے گرتے ہوئے خود ہی اس جیلی فش کی پہنچ میں آجاتا ہے جسے یہ ہڑپ کر جاتی ہے۔

مزید تحقیق پر معلوم ہوا کہ گاڑھے محلول والے گولے کا بیرونی حصہ ایسے خلیوں سے تشکیل پاتا ہے جن میں زہر بھرا ہوتا ہے جس سے شدید بدبو پیدا ہوتی ہے۔ خوش قسمتی سے یہ زہر انسانوں میں صرف جلد پر جلن اور ناگواری کا احساس پیدا کرنے کے علاوہ اور کسی نقصان کا باعث نہیں بنتا، البتہ چھوٹے سمندری جانوروں کےلیے یہ موت کا پیغام بن جاتا ہے۔

یہ پہلا موقعہ ہے کہ کسی جیلی فش میں شکار کا اتنا مختلف اور عجیب و غریب انداز دریافت کیا گیا ہے۔ اس دریافت کی تفصیلات ریسرچ جرنل ’’نیچر کمیونی کیشنز بائیالوجی‘‘ کے تازہ شمارے میں آن لائن شائع ہوئی ہیں۔

The post زہر کے ’’گولے‘‘ پھینک کر شکار کرنے والی جیلی فش appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب https://ift.tt/39GT8Qv