کراچی: کے الیکٹرک نے اپنی ویب سائٹ پر فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کیلکولیٹر متعارف کرادیا ہے جس کی بدولت صارفین اپنے بجلی کے ماہانہ استعمال کی بنیاد پراپنے ماہانہ بل کی رقم پر پڑنے والے فرق کا حساب رکھ سکتے ہیں۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)کی جانب سے مقرر کردہ،زیر التوافیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق جنوری،2020اور اس کے بعد بجلی کے بلوں میں ہوگاجس کا دورانیہ 9ماہ پر مشتمل ہوگا، فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کا نوٹیفکیشن نیپرا نے بذریعہ SROمورخہ 27دسمبر، 2019کو جاری کیا تھا جو ایڈجسٹ ہونے والی رقم اور مدت دونوں کی وضاحت کرتا ہے، نیپرا کے میکانزم کے مطابق، ایندھن ایک ایسی لاگت ہے جسے کے الیکٹرک سمیت پاکستان میں کی تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیاں اپنے صارفین کو منتقل کرتی ہیں۔
اس طریقہ کارکے مطابق، ٹیرف کو طے کرتے وقت اندازاً ایندھن کی قیمت اس میں شامل کرلی جاتی ہے اور بعد میں نیپرا، ایندھن کی حقیقی قیمت کے حساب سے اس میں اضافہ یا کمی کرکے ایڈجسٹ کرلیتی ہے،اس طرح یہ لاگت صارفین کو منتقل کر دی جاتی ہے کیونکہ یہ نیپرا کا منظور شدہ طریقہ کار ہے۔
وزارت توانائی (پاور ڈویژن) نے 22 مئی 2019 کو، کے الیکٹرک کا نیا ملٹی ایئر ٹیرف جاری کیا جس کے بعد کے الیکٹرک نے ملٹی ایئرٹیرف کے منظور شدہ پروسیس کے تحت اپنے ٹیرف میں ماہانہ اور سہ ماہی بنیادوں پر موجود فرق کی تفصیلات حکام کو جمع کروادیں۔
The post کے الیکٹرک نے فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کیلکولیٹر متعارف کرادیا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/30krDsc