آزادی مارچ، ریڈ زون سیل کرنے کیلیے کنٹینرز پہنچ گئے، پولیس کو اضافی نفری فراہم - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

آزادی مارچ، ریڈ زون سیل کرنے کیلیے کنٹینرز پہنچ گئے، پولیس کو اضافی نفری فراہم

 اسلام آباد: جے یو آئی کے آزادی مارچ کو روکنے کے لیے بڑی تعداد میں کنٹینرز موٹرویز پر پہنچا دیے گئے۔

آزادی مارچ کے شرکا کو ریڈزون میں داخلے سے روکنے کے لیے وفاقی پولیس نے پانچ مرکزی راستوں نادرا چوک، آغا خان روڈ، پی ٹی وی چوک، مارگلہ روڈ اورسرینا چو ک کو سیل کرنے لیے مزید کنٹینر سٹرکوں کے اطراف پہنچا دیے۔ وزارت داخلہ سے احکامات موصول ہوتے ہی پشاور سے اسلام آباد موٹروے کو سیل کردیا جائے گا، آزادی مارچ کے دوران موٹرویز کو انتہائی اہمیت دی جارہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹرویز کے تمام انٹرچینج، پل اور دیگر کراسنگ پوائنٹس کو سیل کرنے کے لیے دو منزلہ کنٹینرز رکھے جائیں گے، اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب بھی کنٹینرز پہنچا دیے گے، راولپنڈی پولیس کی معاونت کیلیے پنجاب بھر تمام ضروری اینٹی رائٹ آلات سے لیس دس ہزار سے زائد اضافی پولیس نفری فراہم کردی گئی، اٹک پولیس کو الگ سے ڈیڑھ ہزار سے زائد اضافی پولیس فورس مہیا کی گئی ہے، معلوم ہواہے کہ پولیس کے آپریشنل یوٹنس کے علاوہ ٹرینگ انسٹیٹیوٹس سمیت زیر تربیت ریکروٹس کو آزادی مارچ ڈیوٹی کے لیے استعمال کیے جانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

زرائع کے مطابق راولپنڈی پولیس کی معاونت کے لیے پنجاب کانسٹیبلری، پنجاب ہائی وے پیڑولنگ، ایس پی یو، پولیس ٹرینگ انسٹیٹوٹ کے سٹاف سمیت انڈر ٹرینگ ریکروٹس، پولیس کالج سہالہ ، پولیس ٹرینگ کالج لاہور، فاروق آبا د، سرگودھا وغیرہ کے یونٹس سے 120 ریزو فورس، اٹک کے لیے 80 ریزو فورس، جہلم کے لیے 12 اور چکوال کے لیے 7ریزو فورس کی منظوری دی گئی ، پولیس افسران و عملہ راولپنڈی اور متعلقہ اضلاع میں پہنچ گیا ہے، ایک مناسب تعداد کو پولیس لائن راولپنڈی میں سٹینڈ بائی پوزیشن پر رکھا گیا۔ لاہور سے سپیشل رپورٹر کے مطابق آئی جی پنجاب کے حکم پر تمام اضلا ع کے داخلی اور خارجی راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کیلئے کنٹینرز اور دیگر گاڑیاں قبضہ میں لے لیں۔

لاہورسمیت صوبہ بھر سے 7 کرینیں جبکہ قیدیوں کی 60 گاڑیاں بھی مانگ لی گئی ہیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں استعمال کی جاسکیں۔ دوسری جانب آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹر نے پولیس کی جانب سے پنجاب بھر میں کنٹینرز اور ٹرکوں کو پکڑنے پر اکبری منڈی کے باہر احتجاج کیا اور روڈ بلاک کر کے حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی،سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے آئی جی پنجاب نے رواں ہفتے کے دوران خود دوسری بار راولپنڈی کا دورہ کیا اور تمام معاملات کو بغور جائزہ لیتے ہوئے سینئر افسران کو اہم ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے راولپنڈی ریجن کے دیگر اضلاع کے ڈی پی اوز کے ساتھ ویڈیو لنک کانفرنس کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ دھرنے کے حوالے سے حساس مقامات پر سینئر افسران خود فیلڈ ڈیوٹی پر موجود رہیں اور ایسے اہلکاروں کو سیکیورٹی انتظامات کیلئے تعینات کئے جائیں جو مشکل حالات میں بہتر سے بہتر پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ڈی پی او سے لے کر کانسٹیبل لیول تک تمام افسران واہلکار اپنے فرائض بھرپور محنت، ایماندای اور قومی جذبے کے تحت ادا کریں کیونکہ ہم نے ہر صورت میں شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے،نقص امن کی کسی کوشش کو کامیاب نہ ہونے دیا جائے۔

The post آزادی مارچ، ریڈ زون سیل کرنے کیلیے کنٹینرز پہنچ گئے، پولیس کو اضافی نفری فراہم appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2pR1mDS