لاہور: قلعہ آسٹریلیا تسخیر کرنے کا عزم لیے پاکستانی دستہ ہفتے کو روانہ ہوگا، گرین شرٹس صبح علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور سے اڑان بھریں گے۔
پہلا ٹی ٹوئنٹی3 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا، فیصل آباد میں ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں صلاحیتیں نکھارنے والے بیشتر کرکٹرز کی بہتر فارم ٹیم کیلیے خوش آئند ہے، البتہ ہمیشہ مشکل ثابت ہونے والی آسٹریلوی کنڈیشنز سے ہم آہنگی سخت چیلنج ثابت ہوگی، قومی ایونٹ میں واجبی کارکردگی دکھانے والے حارث سہیل اور عماد وسیم اعتماد کی بحالی کیلیے فکرمند ہونگے۔
کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ جارح مزاج کینگروز کیخلاف مثبت کرکٹ کھیلتے ہوئے کامیابی حاصل کرینگے، قیادت کی وجہ سے ذمہ داری بڑھ گئی، اپنی اور ٹیم دونوں کی پرفارمنس پر توجہ دوں گا، آسٹریلیا میں باؤنسی پچز پر مقابلے کی تیاری کرلی، فخرزمان کے ساتھ خود اننگز کا آغاز کروں گا۔ پیس بیٹری اچھی ہے، شاداب خان کی فارم بھی لوٹ آئی۔
تفصیلات کے مطابق دورہ آسٹریلیا کیلیے قومی ٹوئنٹی20 کرکٹ ٹیم ہفتے کی صبح 9.15 بجے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سڈنی کیلیے اڑان بھرے گی، کیریئر میں پہلی بار بابراعظم قیادت کا بوجھ اٹھانے کیلیے تیار ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں فخرزمان، امام الحق، حارث سہیل، آصف علی،خوشدل شاہ، افتخار احمد، عماد وسیم، شاداب خان، محمد رضوان(وکٹ کیپر)،عثمان قادر، محمد عامر، محمد حسنین، وہاب ریاض، محمد عرفان، موسیٰ خان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم سیریز سے قبل ایک وارم اپ میچ جمعرات کو کرکٹ آسٹریلیا الیون کیخلاف کھیلے گی، پہلا ٹی ٹوئنٹی3 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں شیڈول ہے، دوسرا مقابلہ 5 تاریخ کو کینبرا جبکہ تیسرا 8 نومبر کو پرتھ میں ہوگا، ہمیشہ مشکل ترین ثابت ہونے والے دوہہ آسٹریلیا کیلیے قومی کرکٹرز کا رسمی تربیتی کیمپ لگانے کے بجائے اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں منعقدہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ پر ہی انحصار کیا گیا، دوران ایونٹ پاکستانی اسکواڈ کا انتخاب ہونے کے بعد کھلاڑی میچز میں شرکت کیلیے دوبارہ فیصل آباد روانہ ہوگئے تھے۔
انھوں نے گذشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں رپورٹ کردی، دورہ آسٹریلیا کیلیے منتخب کرکٹرز کی اس ایونٹ میں کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو بیٹسمینوں میں آصف علی تیسرے نمبر پر رہے، جارح مزاج بیٹسمین نے 47.40 کی اوسط سے 237 رنز بنائے، پاکستان ٹیم کو ان سے بڑی امیدیں وابستہ ہونگی۔
بابر اعظم سینٹرل پنجاب کی قیادت کرتے ہوئے ٹائٹل کی دوڑ میں تو بہت پیچھے رہ گئے لیکن بطور بیٹسمین کارکردگی متاثر نہیں ہوئی، انھوں نے ایک سنچری سمیت 73 کی اوسط سے 219رنز بنائے اور فہرست میں چوتھے نمبر پر رہے،محمد رضوان43کی ایوریج سے 215 رنز جوڑ کر پانچویں، فخرزمان36.40کی اوسط سے 192رنز بناکر چھٹے اور امام الحق 27کی ایوریج سے 191رنز بنا کرساتویں بہترین بیٹسمین کے طور پر اپنا نام درج کرانے میں کامیاب رہے،خوشدل شاہ نے 80.50 کی اوسط سے 161اور افتخار احمد نے 24.60کی ایوریج سے 127رنز بنائے،عماد وسیم 25کی اوسط سے 75رنز ہی بنا سکے۔
حارث سہیل کی فارم باعث تشویش ہے،انھوں نے 13کی اوسط سے صرف 65رنز جوڑے، شاداب خان نے 20.50کی اوسط سے 41رنز اسکور کیے، انھوں نے واحد اچھی اننگز فائنل میں کھیلی۔بولنگ میں خوش آئند بات شاداب کی فارم میں واپسی ہے،لیگ اسپنر 18کی ایوریج سے 11 شکار کرکے ٹاپ بولرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہے، محمد حسنین 18.22کی اوسط سے 9وکٹوں کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر براجمان ہوئے۔
ان کے علاوہ دورہ آسٹریلیا کیلیے منتخب بولرز میں سے کوئی ٹاپ 10 میں شامل نہیں، محمد عامر 22.33کی ایوریج سے 8 شکار کرتے ہوئے 11ویں نمبر پر رہے، عماد وسیم نے 22.33اور وہاب ریاض نے 26کی اوسط سے 6،6وکٹیں حاصل کیں،محمد عرفان 20 کی ایوریج سے 5، محمد موسٰی 17.25 کی اوسط سے 4اور افتخار احمد27.50کی اوسط سے 2شکار کرنے میں کامیاب رہے، عماد وسیم اور وہاب ریاض فارم کے متلاشی نظر آئے، قومی کرکٹرز کی یہ کارکردگی ہوم کنڈیشنز میں تھی آسٹریلیا میں حالات اور پچز قطعی مختلف ہونگی۔
ناتجربہ کار کپتان کی موجودگی میں جارح مزاج کینگروز کا سامنا آسان نہیں ہوگا۔ گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ آسٹریلیا سے سیریز کیلیے منتخب اسکواڈ میں جونیئرز اور سینئرز کا امتزاج ہے، کینگروز جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہیں، ہم اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے جیتیں گے۔
انھوں نے کہا کہ کپتانی کی وجہ سے ذمہ داری بڑھ گئی، ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں سینٹرل پنجاب کی قیادت کرتے ہوئے انفرادی کارکردگی کا گراف نہیں گرا، آسٹریلیا میں اپنی اور ٹیم دونوں کی پرفارمنس پر توجہ دوں گا، وہاں پچز پر باؤنس ہوگا،اس کا سامنا کرنے کی تیاری کرلی ہے، ہمارے بیٹسمین فارم میں ہیں اور مثبت سوچ کے ساتھ بیٹنگ کریں گے، امام الحق بیک اپ اوپنر ہونگے، میں فخرزمان کے ساتھ اننگز کا آغاز خود کروں گا۔
بابر اعظم نے کہا کہ ہماری پیس بیٹری بھی اچھی ہے، تجربہ کار محمد عامر، وہاب ریاض و محمد عرفان کے ساتھ پُرجوش نوجوان محمد موسیٰ اور محمد حسنین بھی موجود ہونگے، قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں شاداب خان کی فارم بھی لوٹ آئی، آسٹریلوی کنڈیشنز میں کھیلنے سے ٹیم کو آئندہ سال ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تیاریوں کا موقع ملے گا۔
The post قلعہ آسٹریلیا تسخیر کرنے کا عزم، گرین شرٹس کی آج روانگی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2NeT4xB