ذوالقرنین کے بعد یو اے ای سے ایک اور کرکٹر ’’غائب‘‘ - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

ذوالقرنین کے بعد یو اے ای سے ایک اور کرکٹر ’’غائب‘‘

 دبئی:  سابق پاکستانی وکٹ کیپر ذوالقرنین کے بعد یو اے ای سے ایک اور کرکٹر ’’غائب‘‘ ہوگیا میزبان ٹیم کے وکٹ کیپر غلام شبیر ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائرز کے دوران اچانک منظر سے ہٹ گئے۔

وکٹ کیپر غلام شبیر پیر کو ہانگ کانگ کے خلاف میچ سے قبل میٹنگ میں شریک نہیں ہوئے، منگل کو جرسی سے مقابلے میں بھی غیر حاضر رہے، ٹیم مینجمنٹ ان کی تلاش میں اسپتال چھانتی رہی، بعد ازاں ملک چھوڑنے اور پاکستان میں دکھائی دینے کا علم ہوا۔

تفصیلات کے مطابق 2011میں پاکستانی وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر جنوبی افریقہ سے سیریز کے پانچویں ون ڈے سے قبل اچانک ’’غائب ‘‘ ہو گئے تھے، بعد میں وہ انگلینڈ میں پائے گئے، انھوں نے  جواریوں کی جانب سے دباؤ کو اپنے فیصلے کی وجہ قرار دیا تھا۔

اب ایک اور ایسا واقعہ پیش آیا، فکسنگ اسکینڈل سے دوچار متحدہ عرب امارات کے  وکٹ کیپر غلام شبیرٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائرز کے درمیان میں ہی بغیر کسی کو مطلع کیے ملک چھوڑ کر چلے گئے، ٹیم منیجر پیٹرکیلی نے کہاکہ پیر کو ہانگ کانگ کے خلاف میچ سے قبل 11 بجے غلام شبیر ٹیم میٹنگ میں شریک نہیں ہوئے اور نہ ہی بعد میں وہ بس پر سوار تھے۔

ہمیں ان کی فکر لاحق ہوئی اور انھیں ڈھونڈنا شروع کیا، اسپتالوں میں بھی چیک کیا گیا اور ان کے قریبی جاننے والے لوگوں سے رابطہ کیا، جو فون نمبر دستیاب تھے ان پر رابطے کی کوشش کی گئی، ہم نے کچھ افراد کو ان کے گھر بھی بھیجا مگر کچھ علم نہیں ہوسکا، بعد میں معلوم ہوا کہ وہ ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں، ہمارے لیے یہ فکر کی بات ہے کہ انھوں نے کسی کو اس بارے میں آگاہ نہیں کیا جبکہ وہ جاری اینٹی کرپشن تحقیقات کا حصہ بھی نہیں تھے۔

یاد رہے کہ یو اے ای نے پیر کو ہانگ کانگ پر تو فتح پائی تھی تاہم منگل کو جرسی کے خلاف میچ میں اسے 35 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلے ہی یو اے ای کو اپنے 4 اہم پلیئرز کی فکسنگ الزامات کی وجہ سے خدمات حاصل نہیں ہیں، ان میں کپتان محمد نوید، قدیم احمد اور شیمان انور کو ایونٹ شروع ہونے سے قبل  جبکہ اشفاق احمد کو ابتدائی 2 میچز کے بعد معطل کیا گیا۔ کوالیفائرز میں اب تک یو اے ای نے 2 میچز جیتے اور اتنے ہی ہارے جبکہ اتنے ہی مقابلے باقی ہیں، اسے نائیجیریا اور کینیڈا سے نبردآزما ہونا ہے، کیلی نے کہاکہ اگلی راؤنڈ میں جگہ بنانے کیلیے ہمیں لازمی باقی دونوں میچز جیتنا ہوں گے۔

The post ذوالقرنین کے بعد یو اے ای سے ایک اور کرکٹر ’’غائب‘‘ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/33Wa965