پاک بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ کا میدان کل سجے گا - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

پاک بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ کا میدان کل سجے گا

 لاہور:  پاکستانی اور بنگلہ دیشی ویمنز ٹیموں کے درمیان سیریز کا میدان ہفتے کوسجے گا۔

ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی، دونوں ٹیموںنے طویل پریکٹس سیشن میں لہو گرمانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم میں ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی، اس موقع پر پریس کانفرنس میں قومی کپتان بسمہٰ معروف نے کہا کہ پاکستان آنے پر بنگلہ دیشی ٹیم کے شکرگزار ہیں، گرین شرٹس کی قوت ہمیشہ بولنگ رہی لیکن دونوں شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔

بنگلہ دیشی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی 6 اہم پلیئرز کے سری لنکا میں جاری ایشین ایمرجنگ کپ میں مصروف ہونے کی وجہ سے مہمان سائیڈ کمزور ہونے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سطح پرکسی ٹیم کو بھی آسان نہیں سمجھا جا سکتا، فتح کیلیے ہمیں بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل یہ ہوم گراؤنڈ پر تیاریوں کا اچھا موقع ہے جس کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔بنگلہ دیشی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتان سلمٰی خاتون نے کہاکہ ہم پاکستان کیخلاف سیریز کیلیے پُرجوش ہیں، ورلڈکپ کی تیاری کا اچھا موقع ملے گا، جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہے،ہم بہترین کرکٹ کھیلیں گے، پاکستان اچھی ٹیم ہے، ہمیں صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرنا ہوگا۔

کوشش ہوگی کہ گرین شرٹس کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دیتے ہوئے اپنی رینکنگ میں بہتری لائیں۔دوسری جانب دونوں ٹیموں نے پہلے میچ کیلیے تیاریوں کا سلسلہ جاری رکھا، پاکستان نے صبح کے سیشن میں وارم اپ کے بعد بیٹنگ اور بولنگ میں صلاحیتیں نکھارنے پر توجہ دی۔

مقامی کلب کے بوائز بولر بھی پریکٹس کرانے کیلیے موجود رہے،سہ پہر کو سخت سیکیورٹی حصار میں بنگلہ دیشی ٹیم کی میدان میں آمد ہوئی، مہمان کرکٹرز نیٹ پریکٹس کے دوران خاصے جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور دل کھول کراسٹروکس کھیلے، بولرز نے بھی خود کو مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ کیا، جمعے کو بھی دونوں ٹیموں کے الگ الگ پریکٹس سیشنز قذافی اسٹیڈیم میں ہی شیڈول کیے گئے ہیں۔

The post پاک بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ کا میدان کل سجے گا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2JmTUXU