کراچی: ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کے طویل سفر شروع ہوگیا جب کہ اسکاٹ لینڈ میں شروع ہونے والی ٹرائنگولر سیریز اس سلسلے کا نقطہ آغاز ہے۔
ورلڈ گورننگ باڈی نے 2023 میں بھارت میں شیڈول ون ڈے ورلڈ کپ کے کوالیفکیشن کا پروگرام جاری کردیا، 2023 ورلڈ کپ کوالیفکیشن کا سفر اسکاٹ لینڈ میں شیڈول ٹرائنگولر سیریز سے ہوگا، یہ شیڈول تمام فل ممبران بلکہ 32ویں نمبر تک کی ٹیم کیلیے ہوگا، پہلی بار فل ممبران کو بھی کوالیفائی کے عمل سے گزرنا ہوگا۔
اس سلسلے میں کرکٹ ورلڈ کپ ون ڈے انٹرنیشنل سپر لیگ مئی 2020سے شروع ہوگی، اس میں تمام 12 فل ممبران اور نیدرلینڈز کو شامل کیاگیا ہے، لیگ میں ہر ٹیم 24 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی، ماضی میں ون ڈے رینکنگ ٹیبل کو کوالیفکیشن کیلیے استعمال کیا جاتا تھا لیکن اب کمترین رینکنگ ٹیموں کیلیے زیادہ سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ انھیں بھی یکساں مواقع میسر آئیں، اب تمام ٹیموں کو یکساں میچز کھیل کر رینکنگ پوائنٹس جمع کرنا ہوں گے۔
لیگ میں تمام 13 ٹیموں کو ہر حریف سے 4 ہوم اور 4 اوے سیریز کھیلنا ہوگی، جس میں 3،3 ون ڈے میچز ہوں گے، اس کا شمار ورلڈ کپ کوالیفکیشن میں ہوگا، سپر لیگ کی تکمیل پر ٹاپ 7 ٹیمیں ورلڈ کپ 2023 کے میزبان بھارت کو جوائن کریں گی، جبکہ زیریں 5 سائیڈز کودوسرا موقع 2022 میں ورلڈ کپ کوالیفائرز کی صورت ملے گا، اس کے علاوہ ان ٹیموں کو کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے کوالیفکیشن سائیکل میں لیگ ٹو میں تنزلی کی صورت بھی بھگتنا پڑسکتا ہے۔
کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 میں اسکاٹ لینڈ، یواے ای، نیپال، نمیبیا، اومان، پاپوا نیوگنی اور امریکا کو رکھا گیا ہے، 14اگست 2019 سے شروع ہونے والی اس لیگ میں ہر ٹیم 36 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیل پائے گی، عالمی رینکنگ میں 14 سے 20 نمبروں پر موجود یہ تمام ساتوں ایسوسی ایٹس ممالک اگلے ڈھائی برسوں میں مجموعی طور پر 9 ٹرائی سیریز میں حصہ لیں گے، اسے کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کا نام دیاگیا ہے۔
ہر ٹیم دیگر ملک کو 2 ون ڈے میچز کیلیے مدعو کرنے کا پابند ہوگا اوراسی طرح دو میچز کیلیے دوسرے ملک کا سفر بھی کریگا، اس طرح 24 میچز ہوں گے، دیگر 12 ون ڈے میچز نیوٹرل سائٹس پر ترتیب دیے جائیں گے، اس لیگ میں ہر ٹیم کے 36 میچز مکمل ہوجانے پر پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ تھری سائیڈز سپر لیگ کی زیریں 5 ٹیموں کو جوائن کرلیں گی۔
کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کی چیمپئن کو 2027 ورلڈ کپ سائیکل میں سپر لیگ میں رسائی کا موقع بھی میسر آئیگا، اس لیگ کی نمبر 4 سے 7 تک کی ٹیمیں کو دیگر آزمائشی مقابلوں میں موقع ملے گا، جس میں کرکٹ ورلڈ کپ پلے آف شامل ہوں گے۔کرکٹ ورلڈ کپ چیلنج لیگ ’ اے ‘ اور ’ بی ‘ بھی اس سفر کا حصہ ہیں، لیگ ’ اے ‘ کی ٹیموں میں کینیڈا، ڈنمارک، ملائیشیا، قطر، سنگاپوراور ویناتو شامل ہیں جبکہ لیگ ’ بی‘ میں برمودا، ہانگ کانگ، اٹلی، جرسی، کینیا اور یوگینڈا کو جگہ دی گئی ہے۔
یہ تمام ممالک ستمبر2019 سے شروع ہونے والے سلسلے میں 15،15 میچز کھیل پائیں گے، ہر ٹیم کے پاس لیگ جیت کر 2022 میں شیڈول ورلڈ کپ کوالیفائر میں جگہ بنانے کا موقع موجود ہوگا، ہر لیگ میں تین سنگل راؤنڈ روبن ٹورنامنٹس شامل ہوں گے، جس میں 2019،2020 اور2021 میں ہر سال پانچ میچز کا ٹور لازمی قرار دیاگیا ہے۔
ہر ٹیم کے 15،15 میچز مکمل ہوجانے پر لیگ ’ اے ‘ اور ’بی‘ کی ٹاپ سائیڈز 2022 میں شیڈول کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر پلے آف میں شامل ہوپائے گی۔2022 کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر پلے آف میں لیگ 2 کی 4 زیریں ٹیموں کے ساتھ لیگ ’ اے ‘ اور ’بی ‘ کی فاتح ٹیمیں شامل ہوں گی، سنگل راؤنڈ روبن فارمیٹ پر ہر ٹیم 5 ون ڈے انٹرنیشنل کھیل پائے گی۔
6 ٹیموں کے سنگل راؤنڈ روبن ایونٹ میں 2 ٹاپ سائیڈز 2022 میں ہی شیڈول ورلڈ کپ کوالیفائر میں حصہ لے پائیں گی، ماضی کی ورلڈ کرکٹ لیگ کے برعکس یہ میچز لسٹ اے میں شمار ہوتے تھے لیکن اب اس ایونٹ کو ون ڈے انٹرنیشنل کا اسٹیٹس حاصل ہوگا۔
2022 کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائرسپر لیگ کی زیریں 5 سائیڈز، لیگ 2 کی ٹاپ تھری سائیڈز اور پلے آف سے جگہ بنانے والی 2 ٹیموں کو اس میں موقع ملے گا، 10 ٹیموں کے درمیان شیڈول اس ایونٹ میں ٹاپ 2 سائیڈز 2023 ورلڈ کپ کی دو اختتامی پوزیشنز کی حقدار بنیں گی، تمام میچز کو ون ڈے انٹرنیشنل شمار کیا جائیگا۔
The post ورلڈ کپ 2023؛ رسائی کے طویل سفر کا آغاز appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2KA8wnV