کراچی: ٹریفک پولیس نے 15 روز میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 26 ہزار 811 چالان جب کہ ایک لاکھ 47 ہزار 979 موٹر سائیکلوں کو ضبط کیا۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے ’’ ہیلمٹ نہیں تو سفر نہیں ‘‘ کے نام سے شہر میں جاری مہم کے 15 روز میں ٹریفک پولیس نے مجموعی طور پر 2 لاکھ 26 ہزار 811 چالان کر کے ایک لاکھ 47 ہزار 979 موٹر سائیکلوں کو ضبط کر کے 3 کروڑ 40 لاکھ 21 ہزار 650 روپے جرمانہ عائد کیا۔
گزشتہ روز ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے ایس ایس پیز اور ڈی ایس پیز ٹریفک کے ہمراہ مہم کا جائزہ لیا جس میں انھوں نے افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں تاکہ موٹر سائیکل استعمال کرنے والوں میں ہیلمٹ کے استعمال کا رجحان بڑھے اور سر کی چوٹ کے باعث پیش آنے والے جان لیوا حادثات میں کمی لائی جا سکے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ خصوصی مہم ’’ ہیلمٹ نہیں تو سفر نہیں ‘‘ جولائی کے آخر تک جاری رکھی جائے اس کے علاوہ ون وے ، تیز رفتاری ، غفلت و لاپروائی سے ڈرائیونگ ، فینسی نمبر پلیٹ اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی جائے۔
انھوں نے تمام ایس ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں اچھی کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کے نام کی فہرست ارسال کریں تاکہ ان کو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر انعامات اور تعریفی اسناد دی جائیں۔
The post 15 دن میں بغیر ہیلمٹ سفر پر 2 لاکھ 26 ہزار چالان، ایک لاکھ 47 ہزار موٹر سائیکل ضبط appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2NXvBES