کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش، 100فیڈر ٹرپ کرگئے - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش، 100فیڈر ٹرپ کرگئے

کراچی: رن آف کچھ بھارت کے قریب موجود ہوا کے کم دباو کے تحت شہر کے چند علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی،پیر کی سہ پہر ہونے والی بارش کے دوران نارتھ کراچی میں 1.2ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں گرج چمک جبکہ شہر میں ہلکی بارش کا امکان موجود ہے۔ جولائی میں خلیج بنگال میں بننے والے ہواکے انتہائی کم دباؤ کے تحت اچھی بارشیں ہونے کی توقع ہے۔

پیر کی سہ پہر سے شام کے درمیان شہر کے مختلف علاقوں سرجانی ٹاون،گلستان جوہر،شاہ فیصل کالونی ،ناظم آباد،گلشن حدید، کورنگی،سفورہ گوٹھ و دیگر میں کہیں ہلکی بارش اور کہیں بونداباندی اور پھوارپڑی،پیر کو زیادہ سے زیادہ بارشیں نارتھ کراچی میں1.2ملی میٹر ریکارڈہوئی،باقی ماندہ علاقوں میں ہونے والی بارشیں مقررہ پیمانے سے کم رہیں، بارش سے قبل شہر میں اتوار کی طرح شدید حبس و حدت محسوس کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیرکو شہر میں ہونے والی بارشیں رن آف کچھ بھارت میں ہوا کے کم دباو کا نتیجہ تھی، شہر میں ہلکی بارش کا مزید امکان موجود ہے،جبکہ مذکورہ سسٹم کے تحت اندرون سندھ کے اضلاع مٹھی،تھرپارکر اور ننگرپارکر میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہر کا زیادہ سے زیادہ پارہ 37ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 28ڈگری ریکارڈ ہوا،پیر کو شہرمیں دومختلف سمتوں جنوب مغربی اور شمال مغربی سمت کی ہوائیں چلیں، بلوچستان کی شمال مغربی گرم میدانی ہواوں کی وجہ سے ہوا میں نمی کا تناسب بھی غیر معمولی طورپر بڑھ کر 68فیصد ریکارڈ ہوا جس کی وجہ سے موسم گرم ومرطوب رہا اور خصوصا دن کے وقت غیرمعمولی حدت محسوس کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے ہیٹ ویو سینٹر کی جانب سے جاری موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق آج(منگل)کو مطلع ابرآلود ہونے کے ساتھ گرمی کا اثر قائم رہ سکتا ہے۔ جس کے دوران گرمی کا پارہ 34سے36ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے،بدھ کوموجودہ گرمی معتدل ہونا شروع ہوجائیگی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والے ہوا کے انتہائی کم دباؤ کے تحت 27جولائی کی درمیانی شب گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔

دریں اثناشہر میں ہلکی بارش نے کے الیکٹرک کی کارکردگی کا پول کھول دیا ، کے الیکٹرک کی بجلی ترسیل کرنے کا نظام بارش کی بوندیں برداشت نہ کر سکا اور شہر کے مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کے 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کی وجہ سے شہر کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا۔

بجلی کی عدم فراہمی کے باعث ڈیفنس ، کلفٹن ، اولڈ سٹی ایریا، پرانی سبزی منڈی، گلشن اقبال، گلستان جوہر ، فیڈرل بی ایریا ، لیاقت آباد ، نارتھ کراچی، نیو کراچی ، شادمان ٹاؤن ، بفرزون ، نارتھ ناظم آباد ، گلبرگ ، عائشہ منزل ، ناظم آباد ، گارڈن ، شاہ فیصل کالونی ، الفلاح سوسائٹی، کورنگی ، لانڈھی ، گڈاپ ٹاؤن ، اسکیم 33 ، گلشن معمار ، احسن آباد ، سرجانی ٹاؤن ، منگھوپیر ، اورنگی ٹاؤن ، سائٹ ایریا ، شیر شاہ ، دھوراجی کالونی ، بہادر آباد ، پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی ، گرومندر اور لسبیلہ سمیت دیگر علاقوں کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

ترجمان کے الیکٹرک کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا ہے کہ بارش کے باعث چند علاقوں میں بجلی کے آنے والے تعطل کو بحال کرنے کے لیے عملہ کوشاں ہے۔ چند مقامات پر بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

The post کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش، 100فیڈر ٹرپ کرگئے appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2y9NTYx