انگلینڈ پر فتح نے پاکستان ٹیم کا اعتماد بلندیوں پر پہنچا دیا - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

انگلینڈ پر فتح نے پاکستان ٹیم کا اعتماد بلندیوں پر پہنچا دیا

لاہور: انگلینڈ کیخلاف فتح نے پاکستان ٹیم کا اعتماد بلندیوں پر پہنچا دیا جب کہ کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ آغاز سے زیادہ انجام کا مثبت ہونا ضروری ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پی سی بی کی ویب سائٹ پر اپنے بلاگ میں انگلینڈ کیخلاف میچ میں فتح کے سفر کا احاطہ کیا،انھوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں مات بلاشبہ ورلڈکپ مہم کا اچھا آغاز نہیں تھی لیکن انجام کا بہتر ہونا ضروری ہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ کیریبیئنز کیخلاف ہم اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیل پیش نہیں کرپائے تاہم ہر کھلاڑی کا عزم تھا کہ انگلینڈ کیخلاف کم بیک کرتے ہوئے اپنا اور پرستاروں کا اعتماد بحال کرنا ہے، عالمی نمبر ون کو شکست دے کر ہم درست سمت میں گامزن ہوئے ہیں۔

کپتان کا کہنا تھا کہ چھوٹی باؤنڈری اور حریف ٹیم کی بیٹنگ پاور کو پیش نظر رکھتے ہوئے بہتر ٹوٹل کا جو ہدف طے کیا تھا وہ ہم نے حاصل کرلیا، اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا جس کے بعد محمد حفیظ نے اپنے تجربے کا بہترین استعمال کیا اور بابر اعظم کو بھی ساتھ لے کر چلے،اننگز کے آخر میں بھی بیٹسمین اپنا حصہ ڈالتے رہے۔

انھوں نے کہا کہ بولنگ میں شاداب خان نے خوشدلی سے نئی گیند کے ساتھ بولنگ کا چیلنج قبول کیا اور جیسن روئے کی وکٹ بھی حاصل کرلی،وہاب ریاض اور محمد عامر نے اپنا انتخاب درست ثابت کیا،حسن علی کے بولنگ فیگر اچھے نظر نہیں آتے لیکن انھوں نے بھی اچھی بولنگ کی، جوئے روٹ کا کیچ ڈراپ ہوا لیکن یہ سب کچھ کھیل کا حصہ ہے، ہمیں یقین تھا کہ دونوں سنچری میکر بیٹسمینوں میں سے کوئی ایک بھی آؤٹ ہوا تو میچ ہماری گرفت میں آجائے گا اور ایسا ہی ہوا۔

سرفراز نے کہا کہ پاکستان ٹیم بیشتر نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل لیکن فتح کی بھوکی،پُرعزم اور ملک کیلیے کچھ کردکھانے کے جذبہ سے سرشار ہے،ہم سری لنکا کیخلاف میچ بھی کارکردگی کا گراف بلند رکھنے کی کوشش کریں گے۔

 

The post انگلینڈ پر فتح نے پاکستان ٹیم کا اعتماد بلندیوں پر پہنچا دیا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل http://bit.ly/2WPxUNg