مریم اورنگزیب کی شہباز شریف کی وطن واپسی پر عمران خان پر کڑی تنقید - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

مریم اورنگزیب کی شہباز شریف کی وطن واپسی پر عمران خان پر کڑی تنقید

 لاہور: ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کی وطن واپسی پر وزیراعظم عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب شہباز شریف صاحب تو وطن واپس آ گئے ہیں لہٰذا اب آپ کے پچاس کرائے کے ترجمان کیا کریں گے؟

لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کی وطن واپسی پر عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب شہباز شریف کا طیارہ لاہور علامہ اقبال ائیرپورٹ پر اُتر گیا ہے، آپ کے گھبرانے کا وقت ہوا جاتا ہے، شہباز شریف واپس آ گئے ہیں لہٰذا اب آپ کی ڈھیل کا وقت ختم ہوا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب آپ شہباز شریف کے آنے کے خوف سے پہاڑوں میں چھُپ گئے ہیں اور آپ کے ترجمانوں کو سانپ سونگھ گیا ہے، عمران صاحب شہباز شریف صاحب تو واپس آ گئے ہیں آپ کے پچاس کرائے کے ترجمان کیا کریں گے؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب آپ اب جھوٹوں سے اور مصنوعی بیانیہ سے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے، بہت ہو گیا تمام جھوٹے کرائے کے ترجمانوں میں اگر تھوڑی سی بھی شرم ہے تو رضا کارانہ استعفیٰ دے دیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہی شہباز شریف کا طیارہ پاکستان حدود میں داخل ہوا جھوٹے کرائے کہ ترجمانوں پہ سکتا طاری ہو گیا کہ آقا کو کیا جواب دیں گے۔

ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ عمران صاحب شہباز شریف ملک سنوارنے والوں میں سے ہیں اور پاکستان کی عوام شہباز شریف سے محبت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب بھاگنے اور چُھپنے کا آپ کا وقت ہے ، خلقِ خُدا کے صبر سے ڈریں عمران صاحب شہباز شریف کے آنے کا اتنا خوف کہ وزیراعظم ہاؤس ہی چھوڑ گئے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب آپ شہباز شریف کے آنے کی خبر سُنتے ہی ہمیشہ کی طرح پہاڑوں میں چھُپ گئے، عمران صاحب عید کی نماز پڑھتے ہی شہباز شریف کے آنے کے خوف سے سرکاری ہیلی کاپٹر پہ نتھیا گلی جا کر پہاڑوں میں چھپ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب نتھیا گلی میں گورنر ہاؤس میں ہیں اور یہاں آئی ایم ایف 22 کروڑ عوام کی قسمت کا فیصلہ کر رہا ہے، عمران صاحب گورنر ہاؤس تو یونیورسٹی بننے تھے، دیواریں گرنی تھیں ،ہوٹل بننے تھے اور اُس پیسوں سے ملکی قرضہ اور غربت ختم ہونی تھی، کیا ہوا عمران صاحب کنٹینر پر گورنر ہاؤس میں وزیراعظم کے رہنے پہ بھاشن اور خود گورنر ہاؤس میں مزے؟

ترجمان ن لیگ نے مزید کہا کہ عمران خان صاحب پچھلے پانچ دنوں میں ٹیکس کا کتنا پیسہ جو اسکول اور اسپتال بنانے پہ لگنا تھا وہ آپ پہ لگا ہے عمران صاحب واپس آ جائیں اور تیاری کریں آپ نے شہباز شریف کو اپنی نالائقی اور نااہلی کے بڑے جواب دینے ہیں۔

The post مریم اورنگزیب کی شہباز شریف کی وطن واپسی پر عمران خان پر کڑی تنقید appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2XB9PqG