کل سے گرمی کی نئی لہر، پارہ 40 ڈگری تک جائے گا - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

کل سے گرمی کی نئی لہر، پارہ 40 ڈگری تک جائے گا

کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر میں گرمی کی نئی لہر کی پیش گوئی کردی جب کہ جمعرات تا ہفتہ پارہ40 ڈگری تک جا سکتا ہے۔

بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان ’’وائیو ‘‘کی وجہ ہواؤں کا رخ تبدیل ہونے اور سمندری ہوائیں معطل ہونے کے سبب غیر معمولی گرمی پیدا ہوگی، محکمہ موسمیات نے شہر میں گرمی کی نئی لہر کی پیش گوئی کردی ہے۔

ہیٹ ویوسینٹر کے اعلامیے کے مطابق جمعرات تا ہفتہ پارہ 40ڈگری تک چھوسکتا ہے،نمی کا تناسب غیر معمولی طورپر بڑھنے کی وجہ سے شدید گرمی جبکہ لو چلنے کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان کے حوالے سے دوسری ایڈوائزری جاری کی جس کے مطابق گزشتہ روز تک ڈیپ ڈپریشن کی شکل میں موجود سمندر کی غیر معمولی سرگرمی مکمل طوفان میں تبدیل ہوچکی جسے بھارت کی جانب سے طوفان کو’’ وائیو‘‘کا نام دے دیا گیاہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کے کراچی پر بارشوں کی شکل میں اثرات انتہائی کم ہیں البتہ ان اثرات کی وجہ سے شہر میںگرمی کی نئی لہر پیدا ہوسکتی ہے جو جمعرات سے ہفتہ تک برقرار رہ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران ہواؤں کی سمت تبدیل اور سمندری ہوائیں معطل ہوجائے گی،سمندری طوفان کے اثرات کی وجہ سے سندھ کے مختلف اضلاع ٹھٹھہ ،مٹھی اورتھرپارکر میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی نئی جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق شمالی بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان وائیو منگل کی صبح تک کراچی سے لگ بھگ 1150کلومیٹر کی دوری پر جنوب میں موجود تھا جبکہ اس طوفان کا رخ بھارت کے ساحلی علاقے گجرات کی جانب ہے، منگل کی شام سمندری طوفان شدید نوعیت کے طوفان میں تبدیل ہوگیا، سطح سمندر پر طوفان کے ساتھ 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔

محکمہ محکمہ موسمیات نے اپنی نئی ایڈوائزری میں ماہی گیروں کو بدھ سے جمعرات کے درمیان کھلے سمندر میں مچھلی کے شکار پر نہ جانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 3 روزکے دوران سمندر میں غیر معمولی تیزی جبکہ لہروںکی بلندی میں اضافے کا امکان ہے،منگل کو شہرکا پارہ 35.7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا،ہوا میں نمی کا تناسب غیر معمولی طورپر 68 فیصد تک بڑھنے کی وجہ سے موسم گرم ومرطوب رہا ، منگل کو دن بھر سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں چلیں، جس کی رفتار 22کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

واضح رہے کہ عیدالفطر سے شروع ہونے والی گرمی کی درمیانی لہر اب تک جاری ہے،محکمہ موسمیات کی نئی پیش گوئی کے مطابق گرمی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق شہری شدید گرمی میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بلاوجہ تیز دھو پ میں باہر نکلنے سے گریز کریں۔

The post کل سے گرمی کی نئی لہر، پارہ 40 ڈگری تک جائے گا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2Izye9P