جامعہ کراچی میں آئی سی سی بی ایس میں مصنوعی ذہانت کا مرکز قائم کیاجائیگا - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

جامعہ کراچی میں آئی سی سی بی ایس میں مصنوعی ذہانت کا مرکز قائم کیاجائیگا

 کراچی: جامعہ کراچی میں واقع بین الاقوامی مرکز برائے کیمیا و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) اور چینی ماہرین کے درمیان ایک معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت جامعہ میں مصنوعی ذہانت (آرٹی فیشل انٹیلی جنس) یا اے آئی تحقیقی مرکز قائم کیا جائے گا۔

اس ضمن میں ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں جس کے تحت پاکستان اور چین کے ماہرین مشترکہ تحقیق کریں گے۔ معاہدے پر آئی سی سی بی ایس کے سربراہ ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور چینی وفد کے سربراہان نے دستخط کئے۔

مرکز میں پاکستانی اور چینی ماہرین مشترکہ تحقیق کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار دونوں فریقین نے کیا۔ چین کے دس رکنی  وفد کے سربراہ اور چینی تحقیقی ادارے شعبہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر روی جنگ ونگ نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکیولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی میں بدھ کو منعقدہ ایک اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔ اجلاس میں چینی ماہرین سمیت بین الاقوامی مرکز کے دیگرافسران بھی موجود تھے۔

چینی وفد میں گوانگ ڈونگ ڈپارٹمنٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، گوانگ ڈونگ یونیورسٹی آف ٹٰیکنالوجی، شینزن انسٹی ٹیوٹ آف اینڈونسڈ ٹیکنالوجی اور دیگر ماہرین شامل تھے۔

چینی وفد نے جو ڈاکٹر لو زینگ، ڈاکٹر ہان رونگ وُ، ڈاکٹر زی زو، ڈاکٹر ہانگ رونگ، ڈاکٹر زینگ این، ڈاکٹر لی لیی، ڈاکٹر جیان چینگ لیو، ڈاکٹر یونگ زین کونگ اور ڈاکٹر لی ڈنگ قیانگ پر مشتمل تھا بین الاقوامی مرکز میں موجود سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔

پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا بین الاقوامی مرکز میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے مرکز کے قیام کے حوالے سے اسلام آباد میں چینی اور پاکستانی اداروں کے درمیان ایک مفاہمت کی یادداشت پر پہلے ہی دستخط ہوچکے ہیں۔ انھوں نے کہا اس نوعیت کا ایک اور ادارہ پاک آسٹریا انسٹی ٹیوٹ آف ایپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، ہری پور میں قائم ہوگا۔

انھوں نے کہا آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی پاکستان کا ممتاز تحقیقی ادارہ ہے جو متعلقہ شعبہ جات میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ میں سرگرم ہے۔ اس ادارے کا شماردنیا کے بہترین حیاتیاتی اور کیمیائی علوم کے اداروں میں ہوتا ہے۔ ڈاکٹر روی جنگ ونگ نے بین الاقوامی مرکز میں موجود تحقیقی سہولیات کی تعریف کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے لیے تعلیمی و تحقیقی عنوان سے سودمند ثابت ہوگا۔

The post جامعہ کراچی میں آئی سی سی بی ایس میں مصنوعی ذہانت کا مرکز قائم کیاجائیگا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2E0kG5P