کراچی: شہری انتظامیہ اور سندھ حکومت کے ساتھ وفاقی حکومت بھی عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے دعوے پورے نہ کرسکی،شہرکے یوٹیلٹی اسٹورز میں خالی ریک سستی اشیا کے لیے یوٹیلٹی اسٹورز کا رخ کرنیوالے شہریوں کا منہ چڑارہے ہیں۔
شہر بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی کی فراہمی معطل ہے،عام بازاروں میں چینی کی قیمت 75روپے کلو تک پہنچ چکی جبکہ وفاقی حکومت نے64روپے کلو قیمت پر یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے چینی فراہم کرنے کا اعلان کیا تاہم رمضان کے دو روزے گزرنے کے باوجود کراچی کے اسٹورز پر چینی دستیاب نہ ہوسکی۔
سسبڈی شدہ قیمت پر اشیا خوردونوش کی خریداری کے لیے کورنگی روڈ پرواقع یوٹیلیٹی اسٹورز کا رخ کرنے والے شہریوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا شہریوں نے بتایا کہ وہ پانچ روز سے یوٹلیٹی اسٹورز کے چکر لگارہے ہیں لیکن چینی دستیاب نہیں ہے اسی طرح شہر کے دیگر اسٹورز پر بھی خوردنی تیل، مونگ کی دال، آٹا، چاول اور چائے کی پتی اور خشک دودھ دستیاب نہ ہونے کی شکایات عام ہیں۔
خریداروں نے یوٹلیٹی اسٹورز پر بدانتظامی کی بھی شکایت کی اور بتایا کہ اشیاپر قیمتوں کے ٹیگ نہیں لگے ہوئے،پنجاب چورنگی پر واقع یوٹلیٹی اسٹورز پر خریداری کے لیے آنے والے شہریوں نے بھی مطلوبہ اشیا نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار کیا۔
انھوں نے کہا کہ رمضان میں کثرت سے استعمال ہونے والی اشیاغائب ہیں عام بازاروں میں بھی گراں فروشی عروج پر ہے اس لیے یوٹلیٹی اسٹور سے ریلیف ملنے کی توقع تھی تاہم یہاں بیشتر ریک خالی پڑے ہیں تیل کے غیرمعروف برانڈز فروخت کیے جارہے ہیںجبکہ کولڈ ڈرنک کا انبار لگا ہوا ہے۔
The post یوٹیلٹی اسٹورز پر کئی اشیا کی عدم دستیابی سے شہری مایوس appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » بزنس http://bit.ly/2PSKndo