لاہور: پاکستان محمد عامر کو لائف لائن سے فائدہ اٹھانے کا بھرپور موقع فراہم کرے گا۔
اسپاٹ فکسنگ کیس میں 5 سالہ پابندی کی وجہ سے عامر ورلڈکپ 2011 کے بعد 2015میں بھی شرکت سے محروم رہے، انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی پر اس بار بھی ان کا یہ خواب پورا ہوتا دکھائی نہیں دیتا، چیمپئنز ٹرافی فائنل کے بعد 14ون ڈے میچز میں صرف 5وکٹیں حاصل کرنے والے پیسر کو ورلڈکپ اسکواڈ کے بجائے انگلینڈ سے ون ڈے سیریز میں صلاحیتیں ثابت کرنے کا ایک اور موقع فراہم کیا گیا۔
گزشتہ روز پہلے ون ڈے کی ٹیم میں بھی وہ شامل تھے، پاکستانی بولنگ لائن اپ میں حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کی پوزیشن تو مستحکم ہے۔ البتہ عامر انگلینڈ کیخلاف چیمپئنز ٹرافی فائنل کی کارکردگی دہرانے میں کامیاب ہوئے تو جنید خان اور محمد حسنین کی جگہ خطرے میں پڑے گی۔
نوجوان پیسر کا پی ایس ایل کے سوا کوئی تجربہ نہیں لیکن وہ پاکستان ٹیم میں ایک عرصے سے محسوس کی جانیوالی اسپیڈ اسٹار کی کمی پوری کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،امکان یہی ہے کہ محمد عامر کی واپسی ہوئی تو جنید کی چھٹی ہوگی۔
اوول میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کپتان سرفراز نے کہاکہ محمد عامر کو بھرپور موقع دیا جائے گا، ورلڈکپ اسکواڈ میں تبدیلیوں کیلیے 23مئی تک کا وقت باقی ہے،اس سے قبل سینئر پیسر اپنی صلاحیتیں ثابت کرتے ہوئے جگہ بنا سکتے ہیں۔
The post محمد عامر کے پاس لائف لائن سے فائدہ اٹھانے کا موقع موجود appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل http://bit.ly/2PQNSAS