اسٹاک ایکسچینج میں مندی؛ ایک دن میں 120 ارب سے زائد ڈوب گئے - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

اسٹاک ایکسچینج میں مندی؛ ایک دن میں 120 ارب سے زائد ڈوب گئے

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز بھی مندی کے سبب 85 اعشاریہ 67 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں اور سرمایہ کاروں کے 1 کھرب 20 ارب 96 کروڑ، 26 لاکھ 30 ہزار 950 روپے ڈوب گئے۔

مزید ڈی ویلیوایشن اور شرح سود میں اضافے کےخدشات پر سرمائے کے وسیع پیمانے پر انخلا کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو بھی معمولی تیزی کے بعد بڑی نوعیت کی مندی رونما ہوئی، جس سے انڈیکس کی 35600، 35500، 35400، 35300، 35200اور35100 پوائنٹس کی 6 حدیں بیک وقت گرگئیں۔

انڈیکس 3 سال 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا، مندی کے سبب 85 اشاریہ 67 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جب کہ سرمایہ کاروں کے 1کھرب 20ارب 96کروڑ 26لاکھ 30ہزار 950روپےڈوب گئے۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ اقتصادی حالات، آئی ایم ایف بیل آوٹ پیکیج کی شرائط اور نئے بجٹ میں سخت اقدامات کے خدشات پر مارکیٹ میں غیریقینی کیفیت حاوی ہے اورسرمایہ کاروں کا اعتماد بھی مجروح ہے جو مارکیٹ میں تازہ سرمایہ لگانے کے بجائےحصص فروخت کرنے میں اپنی عافیت سمجھ رہے ہیں۔

کاروباری دورانیئے میں ایک موقع پر67 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن میوچل فنڈز سمیت سرمایہ کاری کے دیگر مقامی شعبوں کی جانب سے دھڑا دھڑ فروخت نے تیزی کو بڑی نوعیت کی مندی میں تبدیل کردیا اورحصص کی فروخت میں شدت بڑھنے سے ایک موقع پر 781 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پرخریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی، نتیجتا کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس596 اعشاریہ 03 پوائنٹس کی کمی سے 35035 اعشاریہ 03 ہوگیا، جب کہ کے ایس ای30 انڈیکس 273 اعشاریہ 09 پوائنٹس کی کمی سے 16551 اعشاریہ 62 ، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1279 اعشاریہ 02 پوائنٹس کی کمی سے 54750 اعشاریہ 55 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 340 اعشاریہ 94 پوائنٹس کی کمی سے 16524 اعشاریہ 39 ہوگیا۔

کاروباری حجم منگل کی نسبت 73 اعشاریہ 24 فیصد زائد رہا اورمجموعی طور پر11 کروڑ 32 لاکھ 35 ہزار730حصص کے سودے ہوئے، جب کہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 328 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا، جن میں 38 کے بھاؤ میں اضافہ 281 کے داموں میں کمی اور9 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں کولگیٹ  پامولیوکے بھاؤ 110 روپے 09 پیسے بڑھ کر 2311 روپے 94 پیسے اور فیصل اسپننگ کے بھاؤ 12 روپے 02 پیسے بڑھ کر 252 روپے 55 پیسے ہوگئے، جب کہ رفحان میظ کے بھاؤ 340 روپے کم ہوکر 6510 روپے اور فلپس مویس پاکستان کے بھاؤ 183 روپے 50 پیسے کم ہوکر 3486 روپے50 پیسے ہوگئے۔

The post اسٹاک ایکسچینج میں مندی؛ ایک دن میں 120 ارب سے زائد ڈوب گئے appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » بزنس http://bit.ly/2DVDF1x