اسلام آباد: وزیر خزانہ اسد عمر سمیت متعدد وفاقی وزرا کی تبدیلی کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رُجحان دیکھنے میں آیا۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق کابینہ میں اُکھاڑ پچھاڑ کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رُجحان دیکھا جارہا ہے۔ کئی روز سے منفی زون میں رہنے کے بعد جمعے کے پہلے کاروباری سیشن میں انڈیکس میں 633 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق وزیرخزانہ کے مستعفی ہونے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں غیریقینی کی کیفیت ختم ہوگئی کیونکہ مارکیٹ میں طویل عرصے سے وزیرخزانہ کی تبدیلی سے متعلق خبریں زیرگردش تھیں۔ اسٹاک ایکسچینج کے ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے تھے، جن کی ریکوری کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
اس خبرکو بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کے پاس جانے میں دیر اسد عمر کو ہٹانے کی وجہ بنی
ڈاکٹرحفیظ شیخ کی بطورمشیرخزانہ تقرری سے سرمایہ کار توقع کررہے ہیں کہ وہ مختصرمدت میں آئی ایم ایف کے ساتھ بیل آوٹ کی ڈیل کرانے میں کامیاب ہوجائیں گے، جس سے معیشت میں مزید بہتری اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔
The post وزرا کی تبدیلی کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رُجحان appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » بزنس http://bit.ly/2VSyGWl