اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کے حال ہی میں دئیے گئے بیان ’’کہ عوام غربت کا خاتمہ کرنے کے لیے دو کے بجائے ایک روٹی کھائیں‘‘ نے سوشل میڈیا پر آگ لگادی ہے اورصارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
حال ہی میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران پاکستان میں موجود غربت کے خاتمے کے لیے نیا فارمولا دیاہے۔ انہوں نے کہا ’’حکمت اور دانشمندی سے ہمیں چلنا پڑے گا، کچھ عرصے کے لیے دوروٹیوں کے بجائے ایک روٹی پر اکتفا کرنا پڑے گا۔ لیکن مجھے یقین ہے اللہ وہ دن جلد ضرور لائے گا کہ بہت جلد آپ دو کے بجائے ڈھائی روٹیاں کھاسکیں گے۔‘‘ سوشل میڈیا پر مشتاق غنی کے اس بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
ضیا نامی صارف نے لکھا واہ کیا بات ہے مشتاق غنی خود اپنے گھر پر یہ تجربہ کیوں نہیں کرتے اپنے بیوی بچوں کو بھوکا رکھیں اور دیکھیں کیسا محسوس ہوتا ہے۔
خان نامی صارف نے مشتاق غنی کے اس بیان پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر کے پی اسمبلی کی جانب سے دیا گیا یہ بیان نہایت بیوقوفانہ ہے۔ جب کہ سابق ممبر پارلیمنٹ بشریٰ گوہر نے بھی مشتاق غنی کو آڑے ہاتھوں لیتے کہا ’’مشتاق غنی خود کتنی روٹیاں کھاتے ہیں؟ کیا پختونخوا حکومت نے غربت ختم کرنے کے لیے ان کی تنخواہ میں کٹوتی کرنے کا اعلان کیا؟‘‘
خوشال خان نامی صارف نے مشتاق غنی کے فارمولے کو شکل دیتے ہوئے لکھا
ایک روٹی – ایک روٹی = ایک دن میں ایک روٹی
دو روٹی + ایک روٹی= ایک دن میں تین روٹیاں
تین روٹیاں ایک دن میں اس کا مطلب ہے غربت کا خاتمہ۔ پاکستان تحریک انصاف کی معاشی پالیسی مشتاق غنی کے اس بیان کے بعد ختم ہوجاتی ہے۔
شہزاد یونس نامی صارف نے مشتاق غنی کے اس بیان پر طنز کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کے پاس زبردست ماہر معیشت ہیں جو اپنے ذہن میں معاشی نظریات ترتیب دے لیتے ہیں۔ ایک اور صارف نے مشتاق غنی کی تھیوری اور فارمولے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا مشتاق غنی کو اس بیان پر نوبل پرائز ملنا چاہئے۔ آخر لوگوں نےانہیں ووٹ دئیے ہی کیوں ہیں۔
زینیا نامی صارف نے کہا مشتاق غنی کے بیان کا یہ مطلب لیا جاسکتا ہے کہ دراصل غریب عوام زیادہ روٹیاں کھاتے ہیں اور یہی اصل مسئلہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اسپیکر کے پی اسمبلی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا اپنا ڈائٹ پلان اپنے پاس رکھو اور پہلے خود اپنی مراعات کو دیکھو۔
پاشا نامی صارف نے لکھا لوگ یہاں غربت اور بھوک کے باعث خودکشیاں کررہے ہیں اور یہ لوگوں کو مشورے دے رہے ہیں کہ غربت سے باہر آنے کے لیے مزید بھوکے رہو۔
ذوالفقار احمد نامی صارف نے لکھا مشتاق غنی کو اس بیان پر چھترول پڑنی چاہئے۔
The post دوکے بجائے ایک روٹی کھانے کے بیان پر مشتاق غنی سوشل میڈیا کے نشانے پر appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2FZVvAn