برازیلیا: برازیل کے دریا پر بنا پل گندم سے لدی کشتی کے ٹکرانے سے منہدم ہو گیا جس کے نتیجے میں کشتی پاش پاش ہوگئی اور 2 گاڑیاں دریا میں بہہ گئیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کی ریاست پارا کے دریا ’موجو‘ پر قائم پل کے پلرز سے گندم سے بھری کشتی ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں پل کا بڑا حصہ ٹوٹ کر دریا میں گیا، پل پر موجود دو گاڑیاں بھی دریا میں بہہ گئیں جب کہ کشتی کے بھی کئی حصے ہوگئے۔
ریسکیو اداروں کے تیراکوں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے کشتی میں سوار 5 افراد کو بحفاظت نکال لیا ہے، بعد ازاں کار میں سوار افراد کو بھی دریا میں سے نکال لیا گیا جنہیں معمولی زخم آئے ہیں۔ اسپتال میں 10 زخمیوں کو لایا گیا ہے۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پل کی مرمت میں چند دن لگ سکتے ہیں تب تک دریا کو پار کرنے کے لیے کشتی کا استعمال کیا جا سکے گا۔ اس سے قبل بھی پل کی ناگفتہ بہ حالت کی وجہ سے ایسے حادثات پیش آ چکے ہیں لیکن پل کے پلرز کو پختہ کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں اُٹھائے گئے۔
The post برازیل میں کشتی ٹکرانے سے پل منہدم، 2 گاڑیاں بہہ گئیں appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل http://bit.ly/2YVgvRv
