بیجنگ: چین نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی جانب سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بھارت کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرنے کو سراہا ہے۔
چینی نائب وزیر خارجہ کونگ زونیو کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق بیجنگ اوراسلام آباد نا صرف اسٹریٹجک پارٹنرز ہیں بلکہ دونوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کی ہے۔
کونگ زونیو نے کہا چین کی پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی حالیہ صورتحال پر گہری نگاہ ہے اورپاکستان کی جانب سے حالیہ کشیدگی پر تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بھارت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنے کے عمل کو چین بے حد سراہتا ہے۔
چینی نائب وزیر خارجہ کے مطابق چین تمام ممالک کے وقار کی عزت کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ تمام ممالک کی علاقائی خودمختاری اور وقار کی عزت ہونی چاہئے اور چین عالمی تعلقات کو خراب ہوتے نہیں دیکھنا چاہتا۔
چین نے پاکستان اوربھارت پر مسائل کے حل کے لیے جلد سے جلد مذاکرات کے لیے رابطے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن اورسلامتی قائم رکھنے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ چین اس صورتحال میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
The post چین کا پاکستان کی جانب سے بھارت کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی کا خیر مقدم appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2TBWujd