کراچی؎: سکھن پولیس کے ہاتھوں گرفتار ٹریفک پولیس اہلکار کا وڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں اس نے ڈکیتی کی وجہ بجلی کے زائد بل کو قرار دیا ہے۔
گرفتار ملزم سید تقدس علی شاہ نے پولیس کو دیئے جانے والے ویڈیو بیان میں بتایا کہ وہ شاہ لطیف ٹاؤن کا رہائشی ہے اور اس نے اپنے دوست بابر کے ساتھ مل کر ڈکیتی کی 3 وارداتیں کی ہیں۔ پہلی واردات کورنگی کراسنگ پر کی جس میں چھیننے جانے والے پرس سے ساڑھے چار سو روپے نقد اور ایک چھوٹا موبائل فون ملا۔
دوسری واردات شارع فیصل پر کی جس میں ایک موبائل فون چھینا تھا جبکہ تیسری ڈکیتی کی واردات گلستان جوہر میں کی تھی جس میں چھینے جانے والے پرس سے تقریباً 3 سے ساڑھے تین ہزار روپے نقد اور ایک چھوٹا موبائل فون ملا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں ملزم نے بتایا کہ وارداتوں میں استعمال کیا جانے والا اسلحہ نائن ایم ایم پستول سرکاری ہوتا تھا جو اسے محکمے کی جانب سے دیا گیا تھا۔ ڈکیت اہلکار نے بتایا کہ اس کا بجلی کا بل زیادہ آگیا تھا جس پر وہ پریشان تھا تو اس کا دوست بابر بولا کہ یہ کوئی مسئلہ ہی نہیں آدھے گھنٹے میں پیسے جمع ہوجائینگے۔
ملزم سے انویسٹی گیشن افسر نے سوال کیا کہ جب تمھارے بل کے پیسے پورے ہوگئے تو وارداتیں کیوں کیں جس پر ملزم کا کہنا تھا کہ میرا اسلحہ بابر کے پاس تھا اور اس نے مجھے اسلحہ جھوٹ بول کر لیا تھا کہ وہ شادی میں جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گرفتار ٹریفک پولیس کا اہلکار ماڈل کالونی ٹریفک سیکشن میں نائٹ منشی کی ڈیوٹی انجام دیتا تھا۔
The post بجلی کے زائد بل بھرنے کیلئے ڈکیتی کرتا تھا، گرفتار پولیس اہلکار appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2U36q6d