کراچی: سندھ فوڈ اتھارٹی نے برنس روڈ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے فریسکو بیکری کا پروڈکشن یونٹ اور وحید کباب ہاؤس نامی ریسٹورانٹ کو سربمہر کردیا۔
فوڈ اتھارٹی کا عملہ وحید کباب ہاؤس پہنچا تو ڈیپ فریزر میں گوشت کے ساتھ گندھا ہوا آٹا اور ادرک رکھی ہوئی تھی تاہم ڈیپ فریزر خراب تھا اور گوشت کا پانی آٹے اور ادرک کو آلودہ کر رہا تھا، صفائی کی صورتحال ناقص پائی گئی کیڑے مار ادویات کے اسپرے اور خام مال کی خریداری کا کوئی ریکارڈ بھی نہیں پیش کیا گیا۔
سندھ فوڈ اتھارٹی اس سے قبل تین بار وحید کباب ہاؤس کا معائنہ کر چکی ہے اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 40 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا جاچکا ہے تاہم حتمی نوٹس کے باوجود کوئی بہتری نہیں لائی گئی، فریسکو، ییکری کو بھی ایک ماہ پہلے وارننگ دی گئی اور صورتحال بہتر نہ ہونے پر پچاس ہزار جرمانہ اور حتمی نوٹس دیا گیا۔
فریسکو بیکری نے لائسنس کے لیے درخواست جمع کرائی تاہم اچانک معائنہ میں صفائی ستھرائی کی صورتحال ناقص نکلی، کاریگر بھی گندے لباس میں تھے، پرانا خام مال استعمال کیا جارہا تھا جبکہ پابندی کے باوجود کھلا تیل استعمال ہورہا تھا، خام مال میں خریداری کا بھی کوئی ریکارڈ دستیاب نہ تھا۔
سندھ فوڈ اتھارٹی نے کھانے پینے کی اشیا اور خام مال کے نمونے اکھٹا کرکے لیبارٹری بھیج دیے جن کی رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔
The post حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی، بیکری اور کباب ہاؤس سربمہر appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2IyQVxO