پی ایس ایل ڈائری - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

پی ایس ایل ڈائری

اگرآپ کو کرکٹرز سے ملاقات کا شوق ہے اورآپ دبئی میں رہتے ہیں تو فورا فیسٹیول سٹی آ جانا چاہیے، یہاں ایک ساتھ دو فائیو اسٹار ہوٹلز بنے ہوئے ہیں ایک میں پی ایس ایل کی ٹیمیں اور دوسرے میں پی سی بی آفیشلزاور دیگر شخصیات قیام پذیر ہیں، دونوں ہوٹل میں آنے جانے کے لیے درمیان سے ہی راستہ ہے، پاکستانی کرکٹرز اس سے پہلے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے سیریز کےلیے جس ہوٹل میں ٹھہرے تھے وہ تھوڑا دور تھا، کھانے پینے کےلیے بھی انھیں خاصا دور جانا پڑتا تھا۔

اس ہوٹل کی خاص بات یہ ہے کہ اندر سے ہی شاپنگ مال کا راستہ بھی نکلتا ہے جہاں اگر آپ چلے جائیں تو کسی نہ کسی کرکٹر سے ملاقات بھی ہو جائے گی، ہمارے کرکٹرز چاہے ارب پتی سہی مگر پیسے سوچ سمجھ کر خرچ کرتے ہیں، اس لیے فوڈ کورٹ ہوٹل کے ساتھ ہونے پر بیحد خوش ہوتے ہیں، میں بھی جب ہوٹل کی لابی میں گیا تو محمد عرفان اور عبدالرزاق سمیت کئی سابق اور موجودہ کھلاڑی دکھائی دیے۔

لیگ کے ابتدائی برسوں میں ٹیمیں جس ہوٹل میں ٹھہرتی تھیں وہ اس جواز کے ساتھ تبدیل کر دیا گیا تھا کہ عام لوگوں کی بڑی تعداد گھومتی نظر آتی ہے، میٹرو اسٹیشن بھی ساتھ ہے، حالانکہ سب جانتے ہیں کہ بکیز کون سا میٹرو میں بیٹھ کر آتے ہوں گے، خیر پی سی بی کا دعویٰ ہے کہ اس بار سخت ترین اینٹی کرپشن اقدامات کیے ہیں امید ہے ایسا ہی ہوگا۔

آج افتتاحی تقریب کی تیاریاں بھی عروج پر رہیں، فنکاروں کی پریس کانفرنس کا انعقاد بھی کیا گیا میں تاخیر سے دبئی آمد کے سبب اس میں نہ جا سکا، تقریب کے موقع پر میں یہی سوچ رہا ہوں کہ اس کا انعقاد کراچی یا لاہور میں کرتے تو زیادہ اچھا رہتا، البتہ اس میں شاید پٹ بل جیسے غیرملکی اسٹارز شریک نہ ہوتے، ہم انھیں چند منٹ کی پرفارمنس کے کئی کروڑ روپے دے کر بلا رہے ہیں، اس سے اچھا یہ نہ ہوتا کہ اپنے ہی فنکاروں کو مدعو کیا جاتا۔

خیر پی سی بی کا پیسہ ہے اس کی مرضی جس کو دے، ہاں پی سی بی سے یاد آیا احسان مانی بچت بچت کی باتیں کرتے ہیں مگر بورڈ کی بیشتر اہم شخصیات دبئی میں ڈیرے ڈال چکی ہیں، ان پر بھی بھاری رقم خرچ ہو گی، سوائے نجم سیٹھی کے جانے کے تاحال کوئی اور اہم تبدیلی نظر نہیں آئی ہے، ہاں البتہ نئے آفیشلز ضرور آ گئے ہیں، خیر میلہ جمعرات کو سجنے والا ہے، تب مزید معاملات سامنے آئیں گے جن پر بات کریں گے۔

The post پی ایس ایل ڈائری appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل http://bit.ly/2S1lg7E