اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کو دباؤ میں لانے کا خیال ذہن سے نکال دے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیری خوف میں مبتلا ہیں، لوگ کاروبار بند کرکے گھروں میں بیٹھے ہوئے ہیں، نئی دہلی میں بےقصورکشمیری نوجوان پر تشدد کیا گیا، حریت قیادت کو کشمیر سے باہر دھکیلا جارہا ہے، مزید10 ہزار بھارتی فوجی مقبوضہ کشمیر بھجوائے جارہے ہیں، جے پور جیل میں پاکستانی قیدی کو شہید کردیا گیا۔ کشمیریوں پر حملے کیے گئے اور بھارتی حکومت خاموش تماشائی بنی رہی, آخر کار بھارتی سپریم کورٹ کو کشمیریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے بیان دینا پڑا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بی جے پی سیاسی مقاصد کے لیے جنون پھیلانا بند کرے، بھارتی حکومت تدبر سے کام لے اور امن کو داؤ پر نہ لگائے، بھارتی اقدامات سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔ بھارتی حکومت غیرذمہ دارانہ رویہ بند کرے کیونکہ لوگوں کو قید کیا جاسکتا ہے لیکن نظریات اور سوچ کو قید نہیں کرسکتے۔ مقبوضہ کشمیر کی نئی نسل میں ایک نئی حریت کی کیفیت جاگ چکی ہے جو دبنے والی نہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور پاکستان کشیدگی ختم کرنے کے لئے اقدامات کررہا ہے، بھارت پاکستان کو دباؤ میں لانے کا خیال ذہن سے نکال دے، بھارتی رویے کے خلاف پاکستانی قوم یکجا ہے۔
The post بھارت پاکستان کو دباؤ میں لانے کا خیال ذہن سے نکال دے، شاہ محمود قریشی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2H4MBDQ