نیب کا نوازشریف کیخلاف العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ بھی چیلنج کرنے کا فیصلہ - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

نیب کا نوازشریف کیخلاف العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ بھی چیلنج کرنے کا فیصلہ

 اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے دیے جانے والے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اب نیب نے العزیزیہ ریفرنس کے فیصلے کو بھی چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان نیب کے مطابق فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے فیصلے کے خلاف بھی اپیل تیار کرلی گئی ہے جب کہ العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا بڑھانے کی اپیل دائر کی جائے گی، دونوں ریفرنسز میں نیب آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کرے گا۔

ترجمان نیب کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی جانے والی اپیل میں عدالت سے درخواست کی جائے گی کہ نوازشریف کے خلاف جرم ثابت ہوچکا لہذا ان کی دی جانے والی 7 سال قید کی سزا کم ہے، یہ بڑھائی جائے ، نیب آرڈیننس میں دفعہ 9 اے 5 میں سزا 14 سال قید ہے۔

دوسری جانب نوازشریف کی جانب سے بھی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل دائر کی گئی، اپیل ان کے وکیل خواجہ حارث نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی جس میں احتساب عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔

واضح رہے احتساب عدالت نے نوازشریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال اور جرمانے کی سزا سنائی تھی تاہم فلیگ شپ ریفرنس میں ان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے بری کردیا تھا۔

The post نیب کا نوازشریف کیخلاف العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ بھی چیلنج کرنے کا فیصلہ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2VoHBPm