لاہور: نیب کیس میں جوڈیشل ریمانڈ کے بعد بھی شہباز شریف کو اسلام آباد منتقل کرنے اور دیگر معاملات سمیت آمد و رفت پر تاحال حکومتی خزانے سے روزانہ بڑی رقم خرچ ہو رہی ہے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف آشیانہ اقبال کیس میں گرفتار رہ کر بھی قومی خزانے پر بوجھ بنے رہے۔ میاں شہباز شریف کو پروڈکشن آرڈرز کے مطابق نیب لاہور سے اسلام آباد منتقل کرنے پر لاکھوں روپے حکومتی خزانے سے خرچ کئے گئے۔
ایک اندازے کے مطابق نیب کی زیر حراست گزارے گئے تقریبا 60 روز میں یومیہ اوسطا شہباز شریف کی آمد و رفت اور دیگر انتظامات پر 50 سے ساٹھ ہزار روپے خرچ ہوئے۔ نیب کی ٹیم نے انہیں دو بار بذریعہ جہاز اسلام آباد منتقل کیا جس میں اسلام آباد آنے اور جانے کے لئے 12 ٹکٹ خریدے گئے جس کے اخراجات نیب نے ادا کئے۔
شہباز شریف کو ایک بار بذریعہ موٹر وے گاڑیوں کے قافلے میں قومی اسمبلی اجلاس کے لئے اسلام آباد منتقل کیا گیا جس پر تقریبا ایک لاکھ روپے کا خرچ پنجاب حکومت نے کیا۔ ان کی احتساب عدالت پیشی کے دوران گاڑیوں اور نفری کی تعیناتی کے انتظامات پر بھی لاکھوں روپے خرچ ہوئے۔
The post شہباز شریف کی لاہور سے اسلام آباد منتقلی پر لاکھوں روپے کے اخراجات appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2RtsMfc