کوئی اور ملک پاکستان جیسے حالات کا شکار ہوتا تو اس کا بچ نکلنا مشکل تھا، فواد چوہدری - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

کوئی اور ملک پاکستان جیسے حالات کا شکار ہوتا تو اس کا بچ نکلنا مشکل تھا، فواد چوہدری

 لندن: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کو 1980 سے تباہ کن حالات کا سامنا رہا ہے تاہم  کوئی اور ملک ایسے حالات کا شکار ہوتا تو اس کا بچ نکلنا مشکل تھا۔

لندن میں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹیڈیز سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے جسے دنیا پوری طرح جان نہیں سکی، پاکستان کو 1980 سے تباہ کن حالات کا سامنا رہا، کوئی اور ملک ایسے حالات کا شکار ہوتا تو اس کا بچ نکلنا مشکل تھا، پاکستان ان تمام چیلنجز سے نبرد آزما ہو کر مسلم ممالک اور تیسری دنیا میں جدید ملک بن کر سامنے آیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کا قیام پاکستانی قوم کی سیاسی پختگی کا مظہر ہے، پاکستان تحریک انصاف کا اقتدار میں آنا معاشرے کے متوسط طبقے کا بدعنوانی اور اسٹیٹس کو کے خلاف انقلاب ہے۔ عمران خان کی ترجیح عوام کو غربت سے نجات دلانا ہے، موجودہ حکومت کی پالیسیاں اسی مقصد کے حصول کے لئے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام ادارے فعال اور اپنی ذمہ داریاں احسن انداز سے انجام دے رہے ہیں، سول اور عسکری اداروں میں شاندار ہم آہنگی ہے،  پہلی بار طاقتور افراد قانون کا دباؤ محسوس کر رہے ہیں۔

مسئلہ کشمیر سے متعلق فواد چوہدری نے کشمیر کا مسئلہ خطہ اراضی کا نہیں بلکہ انسانی مسئلہ ہے، ہم انتظار میں ہیں کہ بھارت کشمیر پر اپنے نقطہ نظر کا دوبارہ جائزہ لے، کرتار پور راہداری کے افتتاح سے ایک نئی تاریخ رقم ہوئی، امید ہے کہ ایک دن پاکستانی مسلمانوں کو اجمیر شریف کی درگاہ پر جانے کی اجازت ملے گی۔

پاک امریکا تعلقات پر وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکا عالمی طاقت ہے اور ہم امریکا کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے آنے سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بہتری آ رہی ہے، امریکی صدر کا وزیراعظم عمران خان کو خط اور افغانستان کے لئے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی وزیراعظم سے ملاقات اس کا ثبوت ہے، وزیراعظم پاکستان نے افغانستان میں امن و استحکام کے لیے بہترین تجویز پیش کی۔

پاک چین اقتصادی راہداری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سی پیک ایک اہم ترین اقتصادی منصوبہ ہے، یورپی یونین سمیت دیگر ممالک سی پیک کے نتیجے میں سامنے آنے والے اقتصادی مواقع سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے منصب سنبھالنے کے بعد سعودی عرب اور چین کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندی اور وسعت ملی ہے۔

The post کوئی اور ملک پاکستان جیسے حالات کا شکار ہوتا تو اس کا بچ نکلنا مشکل تھا، فواد چوہدری appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2zLVkGO