ٹرمپ کا شام میں داعش کو شکست دینے کا اعلان، امریکی فوجیوں کی واپسی شروع - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

ٹرمپ کا شام میں داعش کو شکست دینے کا اعلان، امریکی فوجیوں کی واپسی شروع

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں شدت پسند تنظیم داعش کو شکست دینے کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد شام سے امریکی فوجیوں کے فوری انخلا کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

ٹوئٹر پر داعش  کے خلاف فتح کا اعلان  کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ  ہم نے آئی ایس آئی ایس کو شام میں  شکست دے دی ہے، امریکی فوجی دستوں کی شام میں موجودگی کی واحد وجہ داعش  ہی تھی جسے ٹرمپ کے دورِ صدارت میں شکست دی گئی۔

امریکی صدر کے اعلان کے بعد وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکی فوجیوں کو شام سے فوری طور پر نکال رہے ہیں اور انخلا کا عمل بتدریج اگلے 100 روز میں مکمل کرلیا جائے گا۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری ساراسینڈرز کا کہنا تھا کہ داعش کے خلاف فتح کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ عالمی سطح پر اتحادی اور اس کی مہم جوئی ختم ہوجائے گی بلکہ امریکا اور اس کے اتحادی ہر سطح اورہر محاذ پر ہمہ تن تیار ہیں تاکہ بوقت ضرورت جہاں بھی امریکی مفادات کا تحفظ ضروری ہو وہاں فوری کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

سارا سینڈرز نے کہا کہ امریکا شام میں کسی حد تک اپنی عسکری مصروفیات جاری رکھے گا تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ شام میں تعینات 2 ہزار امریکی فوجیوں کا مکمل انخلا ہوگا یا پھر کچھ تعداد وہاں موجود رہے گی۔

صدر بشارالاسد کی حکومت میں خانہ جنگی کے شکار شام میں اب تک 5 لاکھ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جب کہ روس اور امریکا  اپنے اتحادیوں کے ساتھ شامی سرزمین پر اپنے مفادات کے لیے جنگ میں شامل ہیں۔

The post ٹرمپ کا شام میں داعش کو شکست دینے کا اعلان، امریکی فوجیوں کی واپسی شروع appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2SXzPtB