ڈومیسٹک کرکٹ کا مجوزہ سسٹم، گورننگ بورڈ کو شیشے میں اتارنے کی کوشش شروع - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

ڈومیسٹک کرکٹ کا مجوزہ سسٹم، گورننگ بورڈ کو شیشے میں اتارنے کی کوشش شروع

لاہور: ڈومیسٹک کرکٹ کے مجوزہ سسٹم پر گورننگ بورڈ کو شیشے میں اتارنے کی کوشش جاری ہے۔

پی سی بی گورننگ بورڈ کا 51واں اجلاس گزشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا، اس موقع پر ڈپارٹمنٹل ٹیموں کے بغیر نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کی منظوری کا کوئی فیصلہ نہ ہوسکا، ذرائع کے مطابق اس مقصد کیلیے بنائی جانے والی ٹاسک فورس کی سفارشات پر ریجنز کے نمائندوں نے تحفظات کا اظہار کیا جس کے بعد مزید مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق گورننگ بورڈ نے ٹاسک فورس کی جانب سے تیار کیا گیا ابتدائی فریم ورک منظور کرلیا،ڈپارٹمنٹس اور ریجنز کا اہم کردار جاری جبکہ کھلاڑیوں اور متعلقہ فریقین کے مفادات کو مقدم رکھا جائے گا، ٹاسک فورس اسٹرکچر کی آئینی اور مالی تفصیلات طے کرنے کیلیے مزید کام کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کوئی حتمی بات طے نہیں ہوئی، جس انداز میں تحفظات سامنے آئے اس کے بعد فریقین کو اعتماد میں لینا آسان کام نہیں ہوگا۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے گورننگ بورڈ اجلاس میں بورڈ کو پیشہ ورانہ بنیادوں پر استوار کرنے کیلیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا، ایم ڈی وسیم خان، ڈائریکٹر میڈیا اینڈکمیونیکیشن سمیع الحسن برنی کی  کی تقرری کے بارے میں بتایا گیا، نیا مارکیٹنگ کنسلٹنٹ اور چیف اسٹریٹجی و امپلی مینٹیشن بھی رکھے  جانے کے بارے میں آگاہی دی گئی۔

گورننگ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کا بجٹ بھی منظور کر لیا،ایونٹ کی تیاریوں اور میڈیا رائٹس کی فروخت میں پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی، آڈٹ اور کرکٹ کمیٹی کی رپورٹس کا جائزہ لیا گیا۔

اراکین کو یہ بھی بتایا گیا کہ آئی سی سی کی تنازعات کمیٹی میں پی سی بی اور بھارتی بورڈ کی قانونی جنگ کے معاوضے کا فیصلہ بدھ کو آئے گا، پی سی بی قانونی ماہرین کی رائے میں کیس ہارنے پر معاوضے کی توقعات سے کم ادائیگی کرنا پڑے گی۔

یاد رہے کہ بھارتی میڈیا میں کیس ہارنے والے پاکستان سے 15کروڑ روپے وصول کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں تاہم پی سی بی کا خیال ہے کہ سستے میں جان چھوٹ جائے گی۔

دوسری جانب بورڈ نے ویلفیئر پالیسی 2015کے تحت سابق کرکٹرز کے معاوضوں میں20 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

The post ڈومیسٹک کرکٹ کا مجوزہ سسٹم، گورننگ بورڈ کو شیشے میں اتارنے کی کوشش شروع appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2CkUlij