کابل: افغانستان میں پولیس چوکی پر طالبان کے حملے میں پولیس اہلکار اور 3 شہری ہلاک ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں 6 جنگجو بھی مارے گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ہرات میں پولیس چیک پوسٹ پر طالبان جنگجوؤں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور 3 شہری ہلاک ہوگئے، پولیس کی جوابی کارروائی میں 6 جنگجو بھی مارے گئے۔
پوليس ترجمان عبدالاحد ولی زادہ نے میڈیا کو بتايا کہ درجن سے زائد طالبان جنگجوؤں نے پولیس چیک پوسٹ پر رات گئے حملہ کیا، پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے طالبان جنگجوؤں کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ زخمی طالبان فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔
دريں اثناء افغانستان کے صوبے ننگرہار ميں ايک مقامی ٹيلی وژن اسٹيشن کے ڈائریکٹر کو بھی اغواء کر ليا گيا ہے جب کہ مزاحمت کرنے پر ڈائریکٹر کے ڈرائیور کو قتل کردیا گیا، تاہم تاحال واضح نہیں کہ اغوا کس نے اور کن مقاصد کے لیے کیا۔
واضح رہے کہ افغانستان میں امن عامہ کی حالت نہایت مخدوش ہے اور ماسکو میں افغان مذاکراتی کانفرنس کی روسی کوشش بھی کامیاب نہیں ہوسکی جب کہ امریکی صدر نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر امن مذاکرات میں مدد طلب کی ہے۔
The post افغانستان میں پولیس چوکی پر حملے میں اہلکار اور 3 شہری ہلاک appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2zM3Wgx